حکام کے مطابق اس رکنیت کے بعد پاکستان ان ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو عالمی سطح پر سائبر حملوں، ڈیجیٹل خطرات اور آن لائن سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور مربوط نظام کا حصہ ہیں،  یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے سائبر سیکیورٹی ڈھانچے پر عالمی اعتماد کا اظہار ہے بلکہ اس سے ملک کی بین الاقوامی سطح پر ساکھ میں بھی اضافہ ہوگا۔

فورم آف انسیڈنٹ ریسپانس اینڈ سیکیورٹی ٹیمز دنیا بھر کی حکومتی، تعلیمی اور نجی شعبے سے وابستہ سائبر سیکیورٹی تنظیموں کا ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے، جو سائبر خطرات سے نمٹنے، معلومات کے تبادلے اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔ اس فورم کی مکمل رکنیت حاصل کرنا کسی بھی ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عالمی معیار کے مطابق کارکردگی کا اعتراف سمجھا جاتا ہے۔

رکنیت حاصل ہونے کے بعد پاکستان نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم عالمی سطح پر سائبر خطرات سے متعلق معلومات کے تبادلے، مشترکہ تحقیقات، بین الاقوامی تربیتی پروگراموں اور مختلف تکنیکی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کر سکے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان کو سائبر حملوں کے خلاف فوری اور مؤثر ردعمل کے لیے جدید مہارتوں اور عالمی تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

دوسری جانب پاکستان نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے حالیہ عرصے میں ایشیا پیسیفک کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کی آپریشنل رکنیت بھی حاصل کی ہے، جس سے پاکستان کے علاقائی سطح پر سائبر سیکیورٹی تعاون کو مزید تقویت ملی ہے،  عالمی اور علاقائی دونوں فورمز میں شمولیت پاکستان کے سائبر دفاعی نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں سائبر حملے، ڈیٹا چوری، مالیاتی فراڈ، رینسم ویئر اور حساس معلومات تک غیر قانونی رسائی جیسے خطرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایسے حالات میں عالمی سطح کے اداروں کے ساتھ تعاون پاکستان کو اپنے اہم سرکاری اور نجی ڈیجیٹل نظاموں کے تحفظ میں نمایاں مدد فراہم کرے گا۔

وزارتِ اطلاعاتی ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے مطابق حکومت ملک میں سائبر سیکیورٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ قومی سطح پر سائبر تحفظ کو مضبوط بنانے، ادارہ جاتی استعداد بڑھانے، ماہر افرادی قوت تیار کرنے اور بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

مزید پڑھیں: کینیڈا کا  اے آئی فار آل  پروگرام: 2.5 لاکھ ملازمتوں اور کروڑوں ڈالر کے ٹیک فنڈز کا فیصلہ

اس اہم کامیابی کے حصول میں بین الاقوامی تعاون نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ملائیشیا کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم، مصری کمپیوٹر ایمرجنسی ریڈی نیس ٹیم اور ایشیا پیسیفک کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم سمیت مختلف عالمی اداروں نے پاکستان کی تکنیکی معاونت اور رہنمائی فراہم کی، جس کے نتیجے میں یہ اہم سنگِ میل حاصل کیا جا سکا۔

واضح رہے کہ عالمی سائبر سیکیورٹی فورم کی مکمل رکنیت پاکستان کے لیے صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔ اس سے پاکستان عالمی سطح پر سائبر خطرات کے خلاف مشترکہ کوششوں میں مؤثر کردار ادا کر سکے گا اور ملک کو تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں اپنے سائبر دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ یہ پیش رفت پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے نہ صرف قومی سلامتی بلکہ معیشت، مالیاتی شعبے، ٹیلی کمیونی کیشن نظام اور دیگر اہم اداروں کے سائبر تحفظ میں بھی نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔ اگر اسی رفتار سے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں پیش رفت جاری رہی تو پاکستان خطے کے نمایاں سائبر سیکیورٹی مراکز میں اپنا مقام بنا سکتا ہے۔