عدالت میں سماعت کے دوران وکیلِ صفائی انعم کوثر ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کو شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا، جب کہ مقدمات میں نامزد دو شریک ملزمان علی اور فہمیدہ کو 2024 میں ہی بری کیا جاچکا ہے۔

وکیلِ صفائی کے مطابق شریک ملزمان کے بری ہونے کے بعد انمول عرف پنکی کو مقدمات میں سزا ملنے کا کوئی امکان باقی نہیں رہا، جس پر عدالت نے ان کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔

عدالت کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف 2020، 2021 اور 2022 میں تھانہ گزری میں منشیات سے متعلق مقدمات درج کیے گئے تھے اور وہ ان مقدمات میں مفرور تھیں۔

مزید پڑھیں: کوکین سپلائی نیٹ ورک چلانے والی مبینہ ملزمہ کی عدالت میں پیشی کے سوشل میڈیا پر چرچے، یہ خاتون کون ہیں؟

واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف دیگر مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔ رواں سال مئی میں کراچی کے گارڈن پولیس نے ایک منشیات فروش خاتون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے قبضے سے پولیس کے مطابق پستول، کوکین، کیمیکلز اور دیگر منشیات برآمد ہوئی تھیں۔