پی ٹی آئی رہنما شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں وفد آج اڈیالہ جیل کا دورہ کرے گا اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کی جائے گی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات آئینی اور قانونی حق ہے اور اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔
شفیع جان نے کہا کہ اگر ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ آج بھی ملاقات کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں پورے ملک میں احتجاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی اڈیالہ جیل آمد اور عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے جیل انتظامیہ کی جانب سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ اس مؤقف کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے جیل کا دورہ ان کی اپنی خواہش ہے اور ملاقات طے ہونے کی کوئی پیشگی ضمانت موجود نہیں۔
جیل حکام کے مطابق وزیراعلیٰ کا دورہ محض سیاسی تشہیر اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے کی کوشش ہوسکتا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کو سوشل میڈیا پر موجود حلقوں کے دباؤ کا سامنا ہے۔
ادھر شفیع جان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو سیاسی تنازع بنانے کے بجائے آئینی و قانونی حق کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔







