دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور صومالیہ کے وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور صومالیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، تعلیمی اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ باہمی روابط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر باہمی مشاورت اور قریبی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ، فلسطین اور مشرقی یروشلم کی تازہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اردن کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر یروشلم میں اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اردن کے کردار کو سراہتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت میں اس کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی، پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ملاقات میں مقبوضہ مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال، ایران اور امریکا سے متعلق حالیہ پیش رفت سمیت مشرقِ وسطیٰ کے دیگر اہم علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی تعاون ہی مؤثر راستہ ہے۔

دونوں فریقین نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے حامل معاملات پر تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔