تفصیلات کے مطابق تابش ہاشمی کو اس فلم میں شوبز انڈسٹری کے بڑے نام ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کا ساتھ حاصل ہوگا۔ یہ فلم فہد مصطفیٰ کے پروڈکشن ہاؤس ’بگ بینگ انٹرٹینمنٹ‘ کے بینر تلے بنائی جا رہی ہے، جسے بلال عاطف خان نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا ہے۔ یہ پروڈکشن ہاؤس کی پہلی فلم بھی ہوگی۔
تابش ہاشمی، جنہوں نے اپنے مقبول شو ’ہنسنا منع ہے‘ کے ذریعے لاکھوں ناظرین کو محظوظ کیا، کئی بار اداکاری کی خواہش ظاہر کر چکے تھے۔ اب ان کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’گلیکسی لالی وڈ‘ کے مطابق یہ ایک بھرپور کامیڈی فلم ہوگی، جو شائقین کو بڑے پردے پر قہقہے لگانے پر مجبور کر دے گی۔
نامور ہدایتکار نبیل قریشی نے بھی فلم کی پوسٹ انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ تابش ہاشمی کے مداحوں کے لیے یہ خبر کسی خوشگوار سرپرائز سے کم نہیں۔ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے ساتھ ان کا اشتراک پاکستانی فلم انڈسٹری میں نئی تازگی لے کر آئے گا۔






