اس ہفتے جاری کیے گئے نئے پرومو میں بل گیٹس کو ڈرامے کی مرکزی کردار ’تلسی‘ (جسے اداکارہ اور سیاستدان سمرتی ایرانی ادا کر رہی ہیں) کے ساتھ ویڈیو کال پر گفتگو کرتے دکھایا گیا ہے۔

جاری کردہ ویڈیو میں بل گیٹس ہندی میں ’نمستے‘ کہہ کر بات کا آغاز کرتے ہیں، جس پر تلسی جواب دیتی ہیں کہ یہ جان کر بہت اچھا لگا کہ آپ امریکا سے میرے خاندان سے جڑ رہے ہیں، ہم سب آپ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

پرومو کے کیپشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرامے میں بل گیٹس کی شمولیت ایک سماجی مہم کا حصہ ہے، جو ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے مقصد کے تحت تیار کی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بل گیٹس پہلی مرتبہ کسی ٹی وی شو میں نظر نہیں آرہے۔ اس سے قبل وہ معروف امریکی کامیڈی سیریز ’دی بگ بینگ تھیوری‘ میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔

ڈرامے کے اس منفرد پرومو نے مداحوں کو حیران اور پُرجوش کر دیا ہے، جو اب ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی 2‘ کی نئی قسط کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔