اسرانی کا شمار ہندی سنیما کے ورسٹائل اور کامیڈی کے بے مثال اداکاروں میں ہوتا تھا۔ پانچ دہائیوں پر محیط شاندار فنی سفر میں انہوں نے 350 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور ناظرین کے دلوں میں گہری چھاپ چھوڑی۔

1970 کی دہائی اسرانی کے کیریئر کا سنہری دور ثابت ہوئی، جب وہ انڈین فلم انڈسٹری کے سب سے مقبول اور قابلِ اعتماد کردار اداکاروں میں شامل ہوگئے۔ ان کی یادگار فلموں میں ’میرے اپنے‘، ’کوشش‘، ’باورچی‘، ’چپکے چپکے‘، ’چھوٹی سی بات‘، ’رفو چکر‘ اور بالخصوص ’شعلے‘ شامل ہیں، جس میں جیل وارڈن کا ان کا کردار آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

اداکار نے بعد ازاں ’ہيرا پھیری‘، ’آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ‘، ’باغبان‘، ’چپ چپ کے‘، ’گرم مصالحہ‘، ’بول بچن‘ اور ’ڈریم گرل 2‘ جیسی فلموں میں بھی اپنی شاندار کارکردگی سے نیا رنگ بھرا۔ ان کی منفرد ڈائیلاگ ڈلیوری اور بے مثال کامک ٹائمنگ نے انہیں انڈین سینما کا لازوال فنکار بنا دیا۔

رپورٹس کے مطابق اسرانی گزشتہ کچھ عرصے سے بڑھاپے سے متعلق بیماریوں کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہوں نے اپنی آخری سانسیں لیں۔

مزید پڑھیں: تابش ہاشمی فلمی ڈیبیو کرنے کے لیے تیار، کونسی فلم میں جلوہ گر ہوں گے؟

اداکار نے 1964 میں پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے تربیت حاصل کی اور 1967 میں فلم ’ہرے کانچ کی چوڑیاں‘ سے فلمی سفر کا آغاز کیا۔

اسرانی اپنے پسماندگان میں اہلیہ منجو بنسل اور بیٹے نوین اسرانی کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال پر بالی ووڈ اور شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔