تینوں خانز شاہ رخ، سلمان اور عامر خان کئی سال بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے ایک بڑے ایونٹ میں ایک ساتھ اسٹیج پر نظر آئے۔
ان تینوں سپر اسٹارز کو ایک ہی مقام پر دیکھ کر نہ صرف ہال میں موجود شرکا پرجوش ہو گئے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔
پینل کے دوران جب شاہ رخ خان سے پوچھا گیا کہ کیا تینوں خانز کو مستقبل میں کسی فلم میں ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا،اگر ہم تینوں ایک ہی فلم میں ہوں تو وہ خود ایک خواب جیسا منصوبہ ہوگا۔
ان کے اس جملے نے وہاں موجود حاضرین کے دل جیت لیے۔ ہال تالیوں سے گونج اٹھا جب کہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی تینوں خانز کے ممکنہ اشتراک کے لیے دعاگو تبصرے شروع کر دیے۔
ایونٹ کے دوران ایک موقع پر سلمان خان نے شاہ رخ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ،عامر اور میں دونوں فلمی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، مگر شاہ رخ خان کا کوئی فلمی بیک گراؤنڈ نہیں تھا۔ وہ دہلی سے آیا اور محنت سے اپنی جگہ بنائی۔
سلمان کی بات پر شاہ رخ خان نے فوری طور پر محبت بھرے انداز میں کہاکہ میں بھی فلمی خاندان سے ہوں، کیونکہ سلمان خان اور عامر خان کا خاندان میرا اپنا خاندان ہے ،اسی لیے میں ایک اسٹار خاندان سے ہوں۔
ان کے اس جملے پر ہال ایک بار پھر تالیوں سے گونج اٹھا۔
ایونٹ کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں جن میں تینوں خانز ایک ساتھ ہنستے، باتیں کرتے اور ایک دوسرے سے گلے ملتے دکھائی دیے۔
مداحوں نے تینوں کو ایک ساتھ دیکھنے کو زندگی میں ایک بار ملنے والا لمحہ قرار دیا۔ کئی صارفین نے امید ظاہر کی کہ بالی وڈ کے یہ تینوں سپر اسٹار جلد کسی فلم یا مشترکہ پروجیکٹ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے ایسا لمحہ جس کا شائقین دہائیوں سے انتظار کر رہے ہیں۔






