امریکی اداکارہ، میزبان اور پروڈیوسر زوری ہال نے کامک کان پاکستان 2026 میں شرکت کی باضابطہ دعوت قبول کر لی ہے۔ زوری ہال نے حال ہی میں یونیورسل اسٹوڈیوز ہالی ووڈ میں کامک کان پاکستان کے صدر سید عامر سجاد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان میں منعقد ہونے والے اس عالمی ایونٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ایونٹ 31 جنوری 2026 کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہو گا۔ اس موقع پر سید عامر سجاد نے زوری ہال کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی جسے اداکارہ نے خوشی کے ساتھ قبول کیا۔
زوری ہال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر کامک کان کا انعقاد ایک تاریخی قدم ہے جو ملک کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ دنیا بھر کے فنکاروں، تخلیق کاروں اور شائقین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا۔ سید عامر سجاد نے بتایا کہ کامک کان پاکستان کا مقصد ملک کی تخلیقی صنعتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانا اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کامک کان پاکستان کے آفیشل سپرہیرو سپرہیرو پاکستان کا بھی تعارف کروایا جس کے تصور اور ڈیزائن نے زوری ہال کو بے حد متاثر کیا۔ بتایا گیا کہ سپرہیرو پاکستان پر مبنی ایک ہالی ووڈ فیچر فلم پری پروڈکشن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جس کی شوٹنگ آئندہ سال نیو یارک میں شروع کی جائے گی۔
واضع رہے کہ کامک کان پاکستان 2026 ایک عالمی میلہ ہو گا جس میں مقامی اور غیر ملکی فنکار، گیمنگ ماہرین، ٹیکنالوجی ایکسپرٹس اور تخلیقی شخصیات شرکت کریں گی۔ اس ایونٹ کے ذریعے پاکستان کا مثبت اور جدید چہرہ عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔





