سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیسبک پر نصیبو لعل نے وائرل ہونے والی جھوٹی خبروں کی تردید کی، انہوں نے نومولود کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمداللہ میں دادی بن گئی ہوں، سب کی دعاؤں کا شکریہ۔  

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ 55 سال کی عمر میں نصیبو لعل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ بعض صارفین نے تو یہاں تک دعویٰ کیا کہ انہوں نے گلوکارہ کو لاہور کے ایک ہسپتال کے گائناکالوجی وارڈ میں دیکھا ہے۔

صحافی مرتضیٰ علی شاہ کی جانب سے بھی ایک دعویٰ سامنے آیا تھا کہ نصیبو لعل کے شوہر نوید حسین نے تصدیق کی ہے کہ ان کی اہلیہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر گلوکارہ اور ان کے شوہر کی ایک تصویر بھی تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں انہیں نومولود بچے کے ساتھ خوشگوار انداز میں دیکھا جا سکتا تھا۔ تاہم کچھ صارفین نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نصیبو لعل والدہ نہیں بلکہ دادی بنی ہیں۔

مزید یہ کہ گلوکارہ نے اس سے قبل ایک پوسٹ میں مداحوں سے پوتے کے لیے خوبصورت اور منفرد نام تجویز کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔

دھیان رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں نصیبو لعل کو اسپتال کے عملے کے ساتھ خوشی کے موقع پر اپنا مشہور گانا "کدی تے ہنس بول وے" گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔