ویڈیو اینڈ شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے اپنی اسٹوری لگاتے ہوئے لکھا خدا حافظ۔ اس پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر تجسس اور قیاس آرائیوں کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

عاصم اظہر، جو اپنی منفرد آواز اور مشہور گانوں کی بدولت نوجوانوں میں بے حد مقبول ہیں، نے یہ قدم کسی وضاحت کے بغیر اٹھایا۔ ان کے اکاؤنٹ سے تمام تصاویر اور ویڈیوز غائب ہیں اور مداحوں کی نظریں اس ایک جملے پر مرکوز ہیں جو ان کی اسٹوری پر نمایاں ہے۔

گلوکار کے اس غیر متوقع اقدام نے ان کے چاہنے والوں کو مخمصے میں ڈال دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر عاصم کسی ذاتی مرحلے سے گزر رہے ہیں، جب کہ کچھ کا ماننا ہے کہ یہ کسی نئے میوزک پراجیکٹ یا البم کی تشہیری مہم کا حصہ ہوسکتا ہے، مگر تاحال کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔

یاد رہے کہ عاصم اظہر نے 2024 میں اپنی البم  بے مطلب  کی ریلیز سے قبل بھی انسٹاگرام کی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کی تھیں، جو بعد میں ایک مارکیٹنگ حکمتِ عملی ثابت ہوئی تھی۔

گلوکار کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان یا وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ اس خدا حافظ پیغام کا اصل مطلب کیا ہے؟ کیا یہ کسی اختتام کی علامت ہے یا ایک نئی شروعات کی جانب اشارہ ہے؟