منگل کے روز ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری رہا۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 37 ڈالر کے نمایاں اضافے سے پہلی بار 3855 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 3178 روپے کے ہوشربا اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 6 ہزار 778 روپے پر جاپہنچا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 2725 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 48 ہزار 746 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ 900 ہزار روپے کے ہوشربا اضافے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے 4 لاکھ 3 ہزار 600 روپے روپے پر جاپہنچی تھی۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس اضافے کی بنیادی وجوہات میں ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ، عالمی منڈی میں سرمایہ کاری کے بدلتے رجحانات اور مقامی سطح پر مہنگائی کا دباؤ شامل ہیں۔ ان عوامل کی وجہ سے سونے کی طلب میں اضافہ ہوا ہے جس کا براہ راست اثر قیمتوں پر پڑا ہے۔
حکومتی یا اسٹیٹ بینک کی جانب سے تاحال اس صورت حال پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ حالات برقرار رہے تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ خارج از امکان نہیں۔






