عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے۔
خبر رساں اشاعتی ادارے بزنس ریکارڈر کے مطابق بدھ کے روز عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 51 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد سونا 3770 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے بعد مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمت نئی بلندیوں پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 5100 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 98 ہزار 800 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 4372 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 41 ہزار 906 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 3400 روپے کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمت 3 لاکھ 93 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت میں 42 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 4637 روپے پر جا پہنچی۔
قیمتوں میں اس مسلسل اضافے کی وجہ عالمی سطح پر مہنگائی، اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کا قیمتی دھاتوں کی جانب رجحان بتایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اب تک حکومت یا اسٹیٹ بینک کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ عالمی معاشی حالات برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔






