وزیراعظم پاکستان شہباز شریف قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ملکوں نے میری تجویز کوقبول کیا، دونوں ممالک کی لیڈر شپ پاکستان آرہی ہے، میزبانی کا شرف صرف پاکستان نہیں،عالم اسلام کےلئے لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر راضی کیا، دونوں فریقین کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی، وزیرخارجہ اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو بھی مبارکباد پیش کرتاہوں۔
شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوں گی، اس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا اور آج وہ وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے پہلے ہی 129 ارب روپے خرچ کیے اور اب تیل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیرِاعظمِ پاکستان نے واضح کیا کہ موٹرسائیکل، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی جاری رہے گی، جب کہ کسانوں کی لاگت کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور آئندہ بھی عوامی ریلیف اولین ترجیح رہے گا۔






