اسی طرح ڈیزل 3 روپے 2 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے اور اب یہ 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔
ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ عالمی منڈی میں ہلکی تبدیلی کے باعث متوقع تھا، جو یکم سے 15 نومبر کی مدت کے لیے نافذ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافہ مہنگائی پر براہِ راست اثر ڈالتا ہے کیونکہ زیادہ تر ٹرانسپورٹ، زرعی مشینری، ٹرینیں اور بھاری گاڑیاں اسی ایندھن پر چلتی ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے خورونوش خصوصاً سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگرچہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی صفر فیصد ہے، تاہم حکومت پیٹرول لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کے تحت پیٹرول اور ہائی آکٹین پر 80 روپے 52 پیسے جبکہ ڈیزل پر 79 روپے 50 پیسے فی لیٹر وصول کر رہی ہے، جس میں ڈھائی روپے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہے۔






