ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان بٹ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ہونے والے مذاکرات کسی مثبت نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ ان کے مطابق مارجن اور یومیہ قیمتوں کے نفاذ سے متعلق بات چیت بھی ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ مطالبات منظور ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔
ایسوسی ایشن نے تمام پیٹرول پمپ مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں اور 22 جولائی کی رات 12 بجے سے اپنے پمپ مکمل طور پر بند رکھیں۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما شعیب خان نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جائز مطالبات پر مثبت فیصلہ کرے، بصورت دیگر پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔
آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف ہر احتجاج میں پیٹرولیم ریٹیلرز کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے پیٹرولیم ریٹیلرز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبات کے حق میں جاری احتجاج کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔






