دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نظرثانی شدہ نیشنل کنٹرول لسٹس کو 13 اکتوبر 2025 کو S.R.O. 1977(I)/2025 کے تحت گزٹ آف پاکستان میں شائع کیا گیا ہے، جب کہ یہ فہرستیں اسٹریٹجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کنٹرول لسٹس پہلی مرتبہ 2005 میں جاری کی گئی تھیں، جن میں بعد ازاں 2011، 2015، 2016، 2018 اور 2022 میں ترامیم کی گئیں۔

تازہ ترین نظرثانی کے ذریعے ان فہرستوں کو نیوکلئیر سپلائرز گروپ (این ایس جی)، میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول رجیم (ایم ٹی سی آر) اور آسٹریلیا گروپ (اے جی) کے کنٹرول لسٹس کے ساتھ ہم آہنگ رکھا گیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق یہ نظرثانی اسٹریٹجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کے باقاعدہ جائزہ عمل کا حصہ تھی، جو متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے مشاورت کے بعد مکمل کی گئی، تاکہ پاکستان کا ایکسپورٹ کنٹرول نظام مؤثر، جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق رہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے پی آئی اے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کی نجکاری کی تیاری پکڑ لی

یہ نوٹیفکیشن پاکستان کے ایک مضبوط ایکسپورٹ کنٹرول نظام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور غیر پھیلاؤ کے مقاصد کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کے ذمہ دار ٹیکنالوجی رکھنے والی ریاست کے کردار کو مزید اجاگر کرتا ہے۔