پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے سفارش پیش کی کہ عوام کو پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے بینچ مارک سے آگاہ ہونا چاہیے۔
اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت بڑھانے پر بھی تمام اراکین نے اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس کے دوران کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلا دیش، سری لنکا اور ترکیے کے مقابلے میں کم، جب کہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی گئی ہیں۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا، جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کر دی جائیں گی۔







