فوربز کی جانب سے جاری 600 نمایاں نوجوانوں کی فہرست میں سلمان کو ٹرانسپورٹیشن اینڈ ایروسپیس کیٹیگری، جب کہ حسن چوہدری کو وینچر کیپٹل کیٹیگری میں اعزاز دیا گیا ہے۔

سلمان حبیب "برق" نامی کمپنی کے شریک بانی اور سی ای او ہیں۔ یہ کمپنی کاروباری اداروں کو بغیر انفراسٹرکچر بنائے ملک بھر میں ڈیلیوری سروس فراہم کرنے میں معاونت کرتی ہے۔

کمپنی نے اب تک 10 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری حاصل کی اور 4 ہزار سے زائد امریکی شہروں میں نیٹ ورک قائم کیا ہے۔ سلمان نے فوربز میں شامل ہونے کو "ناقابلِ یقین تجربہ" قرار دیا۔

دوسری جانب حسن چوہدری بلیک راک پرائیویٹ ایکویٹی پارٹنرز میں بطور نائب صدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور سیریز C سے پری آئی پی او تک گروتھ ایکویٹی سرمایہ کاری کی قیادت کرتے ہیں۔

حسن نے گزشتہ دو برسوں کے دوران 800 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ Groq اور Applied Intuition جیسی بڑی کمپنیوں میں بھی نمایاں سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔

فوربز کے مطابق اس سال 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جس کے بعد انتخاب کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ سخت تھا۔

جریدے کا کہنا ہے کہ اس سال کی کلاس مصنوعی ذہانت کے انقلاب کے مرکز میں ہے اور روبوٹکس سے لے کر اگلی نسل کے تخلیقی ٹیکنالوجی ٹولز تک سب میں جدت لا رہی ہے۔