پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2025 کے دوران تجارتی خسارہ 12.58 ارب ڈالرز رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 9.11 ارب ڈالرز کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں تجارتی خسارہ 3.20 ارب ڈالرز ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر کے 3.34 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 4.2 فیصد کم ہے، تاہم گزشتہ سال اکتوبر کے 2.05 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 55.9 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 10.44 ارب ڈالرز رہا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 10.88 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 4 فیصد کم ہے۔
اکتوبر کے دوران برآمدات 2.85 ارب ڈالرز رہیں، جو ستمبر کے 2.49 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہیں، مگر گزشتہ سال کے اکتوبر کے مقابلے میں 4.4 فیصد کمی ظاہر کرتی ہیں۔
اسی عرصے میں ملکی درآمدات کا حجم 23.03 ارب ڈالرز ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کے 20 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
اکتوبر میں پاکستان کا درآمدی بل 6.05 ارب ڈالرز رہا، جو ستمبر کے 5.84 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 3.6 فیصد زیادہ اور گزشتہ سال اکتوبر کے 5.04 ارب ڈالرز سے 20 فیصد زائد ہے۔






