پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران کاروں کی فروخت 39 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 55 ہزار 631 یونٹس تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں جیپوں اور پک اپ گاڑیوں کی فروخت 41 فیصد اضافے کے ساتھ 50 ہزار 814 یونٹس رہی، جبکہ ٹرکوں اور بسوں کی فروخت 67 فیصد بڑھ کر 7 ہزار 439 یونٹس تک جا پہنچی۔ رکشوں کی فروخت میں بھی 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 985 یونٹس رہی۔

ادھر موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی مجموعی فروخت 30 فیصد اضافے کے ساتھ 19 لاکھ 72 ہزار 77 یونٹس تک پہنچ گئی۔

تاہم زرعی ٹریکٹروں کی فروخت میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو 28 ہزار 791 یونٹس رہی۔ ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے کم منافع کے باعث کسان نئی زرعی سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں، جس کے اثرات ٹریکٹرز کی فروخت پر بھی پڑے ہیں۔