ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2025 سے مئی 2026 تک تجارتی خسارے میں 17.48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ مئی 2026 میں ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارے میں 39.43 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 13.68 فیصد کمی ہوئی۔ مئی 2026 کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 2 ارب 58 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں برآمدات میں 5.61 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی 2025 سے مئی 2026 تک پاکستان کی برآمدات 27 ارب 90 کروڑ ڈالر رہیں۔

مئی 2026 میں ماہانہ بنیاد پر برآمدات میں 9.59 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 1.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور گزشتہ ماہ برآمدات کا حجم 2 ارب 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔

دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران درآمدات میں 5.94 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی 2025 سے مئی 2026 تک درآمدات کا حجم 62 ارب 66 کروڑ ڈالر رہا۔ مئی 2026 میں ماہانہ بنیاد پر درآمدات میں 21.45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ مئی میں سالانہ بنیاد پر درآمدات میں بھی 6.63 فیصد کمی ہوئی، جبکہ مئی 2026 کے دوران درآمدات کا حجم 5 ارب 29 کروڑ ڈالر رہا۔