جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ ان فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔
حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات 9 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی، جو صوبائی حکومت کی مشاورت سے طے کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: 6 اپریل 2026
— Prime Minister s Office (@PakPMO) April 6, 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالےسے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی. صوبہء پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بازار،… pic.twitter.com/BEsPreuQWa
فیصلے کے تحت روزمرہ اشیائے ضروریہ کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مالز بھی رات 8 بجے بند ہوں گے، تاہم بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔
اسی طرح میرج ہالز، مارکیز اور شادیوں کے دیگر کمرشل مقامات رات 10 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ نجی گھروں اور پراپرٹیز میں شادی کی تقریبات پر بھی رات 10 بجے کے بعد پابندی ہوگی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی اور ان کے اوقات کار معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں کاروباری اوقات کار سے متعلق مشاورت کا عمل تاحال جاری ہے، جس کے بعد وہاں کے لیے علیحدہ اعلان کیا جائے گا۔






