سرکاری دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 235 روپے 37 پیسے ہے، تاہم صارفین کو یہی پیٹرول 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
یوں پیٹرول کی بنیادی قیمت اور صارفین سے وصول کی جانے والی قیمت کے درمیان 142 روپے 41 پیسے کا فرق موجود ہے۔
دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 142 روپے 41 پیسے لیوی اور مختلف مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل نہیں ہو پا رہا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی مد میں 116 روپے 8 پیسے فی لیٹر وصول کیے جا رہے ہیں، جب کہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر عائد ہے۔
اس کے علاوہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، ڈیلرز اور سپلائی چین سے متعلق دیگر مارجنز بھی قیمت کا حصہ بنتے ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کمی کے باوجود لیوی اور مارجنز کی بلند شرح صارفین کے لیے ریلیف محدود کرنے کی ایک بڑی وجہ ہے، جس کے باعث بین الاقوامی منڈی میں تیل سستا ہونے کا مکمل فائدہ عوام تک نہیں پہنچ پاتا۔






