یہ پیش رفت وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تیل و گیس اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر برطانیہ نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے 400 ملین ڈالر کی معاونت کی پیشکش کی۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ برٹش جیولوجیکل سروے اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے درمیان تعاون سے پاکستان کے معدنی شعبے میں نمایاں ترقی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
Federal Minister for Petroleum, Ali Pervaiz Malik, on Tuesday held a meeting with the British High Commissioner to Pakistan Jane Marriott to discuss enhanced bilateral cooperation in the oil and gas as well as minerals sectors.#AliPervaizMalik #meeting #BritishHighCommissioner pic.twitter.com/0PLAE02Vew
— APP (@appcsocialmedia) January 20, 2026
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور برطانوی کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
ملاقات کے دوران اوگرا کی تنظیمِ نو کے لیے تشخیصی جائزے پر بھی مشترکہ غور کیا گیا، جب کہ وفاقی وزیر نے آف شور تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ برطانوی کمپنیاں پاکستانی سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 8 اور 9 اپریل کو منعقد کیا جائے گا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سال منعقد ہونے والا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم نہایت متاثر کن تھا۔






