تین روزہ اس ایونٹ میں سو سے زائد پاکستانی برآمد کنندگان اور مختلف افریقی ممالک کے کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں دس سے زائد افریقی ممالک کے مندوبین نے شرکت کی جہاں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری پر معاہدے کیے گئے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  میڈ اِن پاکستان  نمائش نے ایتھوپیا میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افریقہ کے ساتھ تجارت پاکستان کی معاشی حکمتِ عملی کا ایک اہم ستون ہےاور پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ پائیدار معاشی شراکت داری کے لیے پُرعزم ہے۔

اس موقع پر انہوں نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور پاکستانی برآمد کنندگان کی کوششوں کو سراہا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایتھوپیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس ڈاکٹر علیمو سیمے فیسا تھے، جنہوں نے ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

 انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایتھوپیا تجارت کو آسان بنانے کے لیے لاجسٹک نظام میں مسلسل بہتری لا رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات وقت کی ضرورت ہیں۔

پاکستانی سفیر عاطف شریف نے کہا کہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان تعاون مشترکہ ترقی کی ضمانت ہے۔ ان کے مطابق یہ فورم پاکستان کی لُک افریقہ پالیسی کا تسلسل ہے، جس کا مقصد براعظم افریقہ کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

ایتھوپیا میں تعینات پاکستانی سفیر کے علاوہ ایتھوپین سفیر جمال بکر اور وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل دیوانو کیدیر نے بھی پاکستان کی افریقہ پالیسی کو سراہا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو دوستی اور تعاون کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

افتتاحی تقریب کے اختتام پر یادگاری شیلڈز کی تقسیم اور ربن کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

یہ ایونٹ وزارتِ تجارت پاکستان، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستانی سفارتخانے کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا گیا۔