سروے کے مطابق بیرونِ ملک جانے والے افراد میں سے 64 فیصد، یعنی 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد پاکستانی، ملازمت کے لیے سعودی عرب منتقل ہوئے، جب کہ 68 ہزار افراد قطر اور 52 ہزار سے زائد متحدہ عرب امارات گئے۔

اقتصادی سروے کے مطابق پاکستان کی آبادی 25 کروڑ 20 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، جن میں 26 فیصد افراد کی عمر 15 سے 29 سال کے درمیان ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کی 8 کروڑ 31 لاکھ افرادی قوت میں سے 7 کروڑ 72 لاکھ افراد روزگار سے وابستہ ہیں، جبکہ بے روزگاری کی شرح 7 فیصد ہے۔ پاکستان کی 33 فیصد افرادی قوت زراعت، لائیو اسٹاک اور فشریز کے شعبوں سے وابستہ ہے، جبکہ تقریباً 18 فیصد افراد خدمات کے شعبے میں کام کرتے ہیں۔

اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اوسط عمر 67 سال 8 ماہ ہے، جب کہ ملک اپنی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 0.8 فیصد صحت کے شعبے پر خرچ کرتا ہے۔ ملک بھر میں 1,934 سرکاری اسپتال موجود ہیں اور رجسٹرڈ ڈاکٹروں کی تعداد 3 لاکھ 36 ہزار ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانچ سال سے کم عمر 33.6 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ فی کس بنیادی خوراک کی اشیا کی قیمت جولائی 2025 میں 5,600 روپے تھی جو مارچ 2026 تک بڑھ کر 5,813 روپے ہوگئی، جس سے بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں 3.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔