اس پورٹل کی افتتاحی تقریب اسٹیٹ بینک میں منعقد ہوئی، جس کی میزبانی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کی، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب میں اسٹیٹ بینک کی اعلیٰ قیادت، مختلف بینکوں کے صدور، کارپوریٹ اداروں کے سربراہان، انشورنس کمپنیوں، میوچل فنڈز اور بینکاری و مالیاتی شعبے کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ انویسٹ پاک پاکستان میں سرمایہ کاری کو عام کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے عام شہریوں، بالخصوص نوجوانوں، کاروباری اداروں اور دیگر اداروں کو محفوظ سرکاری سرمایہ کاری کے مواقع تک براہِ راست ڈیجیٹل رسائی حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا، "یہ اقدام مالیاتی نظام میں شمولیت کو آسان، زیادہ جامع اور معاشرے کے ہر طبقے کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔"

نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی پر اس کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھنے سے بینکوں کو نجی شعبے کو زیادہ قرض فراہم کرنے اور پیداواری معاشی سرگرمیوں کی حمایت کرنے کے لیے مزید گنجائش ملے گی۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ انویسٹ پاک پاکستان کے مالیاتی نظام کی ترقی میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے اور یہ پلیٹ فارم اسٹیٹ بینک کے اسٹریٹجک وژن 2028 کے تحت مالیاتی خدمات تک جامع، پائیدار اور ڈیجیٹل رسائی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے جو کر سکتے تھے کیا: وزیرِ خزانہ

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک ٹیکنالوجی پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک ایسے دیرینہ وژن کی تکمیل ہے جس کا مقصد سرکاری سیکیورٹیز کی مارکیٹ کو زیادہ جامع، گہرا اور مؤثر بنانا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق انویسٹ پاک پاکستان بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ڈیجیٹل رسائی اور مالی خودمختاری کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔