پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا جہاں 100 انڈیکس نے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 69 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کی۔
خبر رساں اشاعتی ادارے بزنس ریکارڈر کے مطابق صبح 9 بج کر 35 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 517 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 169007 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق تیزی کے اس رجحان میں کلیدی شعبوں کی خریداری کا کردار نمایاں رہا جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، فرٹیلائزر، تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں، تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیاں، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنری شامل ہیں۔
انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے بڑے اسٹاکس جن میں حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ڈی جی کے سی اور آئی این ڈی یو شامل ہیں، مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔
جے ایس گلوبل کے ریسرچ ہیڈ وقاص غنی کے مطابق مارکیٹ میں جاری تیزی کی وجہ بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریے مستحکم کارپوریٹ منافع اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہے۔ مارکیٹ میں لیکویڈیٹی وافر مقدار میں دستیاب ہے جس سے اہم شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔
گزشتہ روز یعنی جمعرات کو بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 2849 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 168489 پوائنٹس پر بند ہوا جو بنیادی طور پر ادارہ جاتی خریداری کی عکاسی کرتا ہے۔
عالمی سطح پر بھی ایشیائی مارکیٹس میں مثبت رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ ایشیا پیسیفک انڈیکس میں 0.14 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ہفتے کے دوران یہ 2 فیصد سے زائد بڑھ چکا ہے۔ جاپان کا نکیئی انڈیکس بھی ابتدائی ٹریڈنگ میں 0.75 فیصد اوپر رہا۔
واضع رہے کہ ماہرین کے مطابق امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں ممکنہ کمی کی توقعات اور امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے خدشات میں کمی نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا ہے۔ سرمایہ کاروں نے حالیہ شٹ ڈاؤن کے خدشے کو بڑی حد تک نظر انداز کیا ہے کیونکہ ماضی میں اس طرح کے واقعات کا معیشت اور مارکیٹ پر محدود اثر رہا ہے۔





