گزشتہ روز مارکیٹ میں 1945 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم آج   کاروبار کا آغاز ہی منفی رجحان سے ہوا، جو دن بھر جاری رہا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ نے پیر کے روز 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق سیاسی وضاحت اور نظام کے تسلسل کی خبروں کے باعث استحکام دکھایا تھا، مگر انڈین دارالحکومت دہلی میں ہونے والے دھماکے اور اسلام آباد کچہری پر خودکش حملے نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثر کیا۔

ماہرِ معیشت ندیم نوید کے مطابق،اسلام آباد دھماکے کے بعد مارکیٹ میں پینک سیلنگ دیکھنے میں آئی، سرمایہ کاروں نے گھبراہٹ میں بڑی تعداد میں حصص فروخت کیے جس سے انڈیکس تیزی سے نیچے آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہلی اور اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا اشارہ ہیں، اسی لیے سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا۔

تجزیہ کار کے مطابق، میوچل فنڈز کی جانب سے بھی منافع سمیٹنے کے لیے فروخت دیکھی گئی، کیونکہ گزشتہ روز حصص کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ چکی تھیں۔