سماجی رابطے کی سائٹ ایکس سابقہ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم، وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے گزشتہ رات پیٹرولیم کی قیمتوں اور عالمی صورتحال پر پریس کانفرنس کی، آپ   قیاس آرائیوں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور متعلقہ وزارتیں وقتاً فوقتاً درست اور تصدیق شدہ معلومات جاری کرتی رہیں گی، صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بہت سے دیگر ممالک کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیرِاطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے بچت، کفایت شعاری اور سرکار کے معاملات میں سادگی کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی کی تشکیل کے لیے 48 گھنٹے دیے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم کو چاروں وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کرنے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات اور ان کے نفاذ پر بات کرنے کا ٹاسک دیا ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ عوام کا استحصال نہ ہو اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کے استحصال میں ملوث عناصر کے لیے وزیرِ اعظم کی بالکل رعایت نہ برتنے کی ہدایت ہے، احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں پیٹرول کی کوئی کمی نہیں، افواہوں کے باعث عارضی رش دیکھنے میں آیا: ترجمان اوگرا

خیال رہے کہ گزشتہ رات حکومتِ پاکستان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55، 55 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے عوام میں افراتفری کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مزید یہ کہ پیٹرول پمپس مالکان اور سپلائیر کمپنیوں نے تیل کی ذخیرہ اندوزی کرنی شروع کردی ہے کیونکہ ممکنہ امید ہے کہ اگلے ہفتے پھر قیمتیں بڑھیں گی۔