خود میں انٹرورٹ ہوں۔۔۔ انتہا کا انٹرورٹ۔۔۔ لوگ حیران ہوتے ہیں کہ اسٹیج پر بولنے والا، لوگوں سے میل جول رکھنے والا شخص انٹرورٹ کیسے ہوسکتا ہے؟ اس پر کبھی تفصیل سے لکھوں گا۔ کیونکہ انٹرورژن کا تعلق خاموشی سے زیادہ توانائی کے منبع سے ہوتا ہے یعنی آپ اپنی توانائی لوگوں سے لیتے ہیں یا تنہائی سے۔
ابھی یہ کہ سعود عثمانی صاحب کا شعر پڑھا تو انٹرورٹ کو ملنے والی ایک عظیم نعمت بیان کرنے کو دل چاہا۔۔۔
وہ جو اپنے حال میں خوش رہے، وہ جو شخص شکوہ بلب نہ ہو
اسے تم ہراؤ گے کس طرح، جسے جیتنے کی طلب نہ ہو
معلوم نہیں کہ شاعر نے کس تناظر میں یہ شعر کہا، مگر مجھے تو یہ شعر انٹرورٹس کی ایک منفرد نفسیاتی طاقت کی ترجمانی کرتا نظر آتا ہے۔
یعنی انٹرورٹ خود اپنے حال میں، اپنے ساتھ، اپنی ہی محفل میں بھی خوش رہنے کا فن جانتا ہے۔۔۔
زیادہ شکوہ شکایت کرنے کی بجائے خاموش ہوجاتا ہے۔۔۔
اسے ہر وقت جیت کر سب کے سامنے آنے، اسپاٹ لائٹ میں رہنے اور واہ واہ سننے کی طلب نہیں ہوتی۔۔۔
اب بھلا ایسے شخص کو کوئی کیسے ہرا سکتا ہے جس کی خوشی بیرونی تعریف، شہرت یا لوگوں کی منظوری سے وابستہ نہ ہو؟
اسے نہ کوئی انسان ہرا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی صورتحال۔۔۔
لیکن شرط یہ ہے کہ خود انٹرورٹ اس حقیقت کو سمجھ لے۔
وجہ کیا ہے؟
وجہ یہ ہے کہ ایسا شخص خود پر انحصار کرنا سیکھ جاتا ہے۔ اس کی سب سے بڑی طاقت Self-validation یعنی خود اپنی قدر کا ادراک ہے۔ اسے ہر لمحہ دوسروں سے تصدیق کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہی وہ نفسیاتی بنیاد ہے جو انٹرورٹ افراد کو کئی پہلوؤں میں مضبوط بناتی ہے۔
جدید نفسیاتی تحقیق بھی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ انٹرورٹ افراد کی شخصیت میں کچھ خاص خصوصیات نمایاں ہوتی ہیں۔
1۔ گہری سوچ اور تجزیاتی صلاحیت
انٹرورٹ افراد کا ذہن عام طور پر سطحی نہیں بلکہ گہرائی میں اترنے والا ہوتا ہے۔ وہ کسی بھی معاملے پر فوری ردعمل دینے کے بجائے پہلے غور کرتے ہیں، معلومات جمع کرتے ہیں، اور پھر نتیجہ اخذ کرتے ہیں۔
نیورو سائیکالوجی کی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ انٹرورٹ افراد کے دماغ میں dopamine sensitivity نسبتاً مختلف ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہ بیرونی محرکات کے بجائے اندرونی سوچ اور تجزیے سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جلد بازی سے فیصلے نہیں کرتے۔
اسی لیے تاریخ کے بڑے مفکرین، سائنسدان اور فلسفی اکثر تنہائی میں غور و فکر کے عادی رہے ہیں۔ تنہائی دراصل ان کے لیے تخلیقی تجربہ گاہ بن جاتی ہے۔
2۔ بہتر فیصلہ سازی
چونکہ انٹرورٹ افراد جلدی میں ردعمل نہیں دیتے، اس لیے ان کے فیصلے عموماً زیادہ متوازن ہوتے ہیں۔ وہ جذباتی دباؤ میں بہنے کے بجائے صورتحال کو مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں۔
تحقیقی مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ جو افراد زیادہ reflection یعنی خود غور و فکر کی عادت رکھتے ہیں، وہ طویل المدتی نتائج کے حوالے سے بہتر فیصلے کرتے ہیں۔ یہی عادت انٹرورٹس میں فطری طور پر موجود ہوتی ہے۔
3۔ مضبوط خود احتسابی (Self-awareness)
انٹرورٹ افراد اپنی شخصیت، احساسات اور کمزوریوں سے زیادہ واقف ہوتے ہیں۔ وہ خود سے سوال کرتے ہیں، اپنی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
نفسیات میں اسے self-awareness کہا جاتا ہے، جو ذہنی نشوونما اور شخصیت سازی کا بنیادی ستون ہے۔ جو شخص خود کو سمجھ لے، دنیا اسے کم ہی شکست دے سکتی ہے۔
4۔ جذباتی توازن اور ضبط (Emotional Regulation)
انٹرورٹ افراد عموماً جذباتی ردعمل دینے میں جلدی نہیں کرتے۔ وہ اپنے جذبات کو سمجھنے اور قابو میں رکھنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔
تحقیقی شواہد بتاتے ہیں کہ جو افراد تنہائی میں وقت گزارتے ہیں اور خود سے مکالمہ کرتے ہیں، ان میں جذباتی استحکام زیادہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انٹرورٹس اکثر بحران کے وقت گھبراہٹ کے بجائے خاموشی سے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔
5۔ گہرے تعلقات بنانے کی صلاحیت
انٹرورٹ افراد تعلقات کی تعداد کے بجائے معیار کو اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے تعلقات کم ہوتے ہیں مگر مضبوط ہوتے ہیں۔
وہ سطحی گفتگو کے بجائے بامعنی گفتگو کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انٹرورٹس کے تعلقات زیادہ دیرپا اور مخلصانہ ہوتے ہیں۔
6۔ تخلیقی صلاحیتوں کا فروغ
تنہائی تخلیقی صلاحیتوں کی ماں ہے۔
جب انسان شور سے دور ہوتا ہے تو اس کا ذہن آزادانہ طور پر سوچتا ہے، نئے خیالات پیدا کرتا ہے اور نئی جہتیں دریافت کرتا ہے۔
تحقیق بتاتی ہے کہ جو افراد تنہائی میں وقت گزارتے ہیں ان میں تخلیقی سوچ کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔ اسی لیے ادب، فن اور تحقیق کے میدان میں انٹرورٹس نمایاں نظر آتے ہیں۔
اسی لیے،
اصل مسئلہ انٹرورٹ ہونا نہیں۔۔۔
اصل مسئلہ اپنی اس کیفیت کو نہ سمجھنا ہے۔
ہمارا معاشرہ عموماً شور کو اعتماد اور خاموشی کو کمزوری سمجھ لیتا ہے۔ حالانکہ خاموشی ہمیشہ کمزوری نہیں ہوتی، بلکہ بعض اوقات یہ شعور، گہرائی اور پختگی کی علامت ہوتی ہے۔
انٹرورٹ افراد اکثر اس سماجی دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں کہ وہ خود کو بدلیں، زیادہ بولیں، زیادہ نمایاں ہوں، زیادہ ظاہر کریں۔۔۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہیں بدلنے کی نہیں بلکہ خود کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
تنہائی کمزوری نہیں، نعمت ہے اور انٹرورٹس کے لیے تنہائی تنہائی نہیں بلکہ خود سے ملاقات ہے۔
یہ وہ جگہ ہے جہاں انسان اپنی اصل آواز سنتا ہے۔ جب انسان اپنے ساتھ خوش رہنا سیکھ لے تو وہ دنیا کے شور سے آزاد ہوجاتا ہے۔ اور جو شخص دنیا کے شور سے آزاد ہو جائے، اسے کوئی ہرا نہیں سکتا۔
نفسیاتی آزادی (Psychological Independence)
انٹرورٹ افراد کی سب سے بڑی طاقت ان کی نفسیاتی آزادی ہوتی ہے۔
وہ اپنی خوشی کے لیے دوسروں پر مکمل انحصار نہیں کرتے۔
وہ اپنی قدر خود پہچانتے ہیں۔
یہی آزادی انسان کو اندر سے مضبوط بناتی ہے۔
جس دن انٹرورٹ اپنی اس خاموش طاقت کو پہچان لے، اپنی تنہائی کو کمزوری نہیں بلکہ نعمت سمجھ لے، اپنی گہری سوچ کو بوجھ نہیں بلکہ صلاحیت سمجھے، اسی دن وہ اپنی شخصیت کی حقیقی بلندیوں کو چھو لیتا ہے۔ اسے پھر کسی مقابلے میں جیتنے کی ضرورت نہیں رہتی، کیونکہ وہ خود پر قابو پا چکا ہوتا ہے۔
اور جو خود پر قابو پا لے، وہی اصل فاتح ہے۔
سوچنے کی بات یہ نہیں کہ آپ انٹرورٹ ہیں یا ایکسٹروورٹ۔۔۔
اصل سوال یہ ہے کہ آپ اپنی فطرت کو کتنی گہرائی سے سمجھتے ہیں۔
اگر آپ انٹرورٹ ہیں تو یہ بھی اللہ کی طرف سے ایک خاص مزاج ہے، اور اگر آپ ایکسٹروورٹ ہے تو یہ بھی اللہ کا عطاء کردہ ایک مزاج ہی ہے۔۔۔
تحریر: رضوان اللہ خان
نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر







