دفتر خارجہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے امریکا سمیت دوست ممالک کی مخلصانہ کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان تعمیری روابط کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ ان کے نتیجے میں ملک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کرنے کے لیے ٹھوس پیش رفت ہو۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بامعنی مذاکرات کے لیے ضروری ہے کہ افغان طالبان حکام افغان سرزمین سے سرگرم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس، مستقل اور قابلِ تصدیق اقدامات کرنے کا واضح عزم ظاہر کریں۔
یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس مؤقف کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکا کی جانب سے ’تعمیری کردار‘ ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔
مارکو روبیو نے ہفتے کو امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو افغانستان کی سرزمین سے مبینہ طور پر ہونے والے دہشت گرد حملوں پر تشویش ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا خیال ہے کہ طالبان ان حملوں کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہے، جس کے جواب میں اسلام آباد نے کارروائی کی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن پاکستان کے تحفظات سن چکا ہے اور وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ امریکا دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، چاہے اس کا آغاز کہیں سے بھی ہو یا اس کا نشانہ کوئی بھی ملک بنے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کشیدگی کم کرنے میں امریکا کے تعمیری کردار کی گنجائش ہوئی تو واشنگٹن ایسا کرنے کے لیے تیار ہے۔ روبیو کے مطابق امریکا کے طالبان کے ساتھ کوئی خاص قریبی تعلقات نہیں ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے تعلقات اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلسل کشیدگی کا شکار ہیں۔ اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ افغان سرزمین پاکستان میں حملے کرنے والے مسلح گروہوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جبکہ افغان طالبان ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ سرحد پار حملوں اور دراندازی کے الزامات کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان متعدد مرتبہ مسلح جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں۔
گزشتہ سال 18 اور 19 اکتوبر کو دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے بعد 25 سے 30 اکتوبر تک استنبول میں ہونے والی ملاقاتوں کا مقصد جنگ بندی کو مستحکم کرنا اور اس کی نگرانی و تصدیق کے لیے طریقہ کار طے کرنا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے ہفتے کو افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے ’ریڈ لائن‘ ہے اور ملک اپنے شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی ہے اور اس کی روک تھام میں طالبان حکومت کی ناکامی تعلقات معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس سے قبل ذبیح اللہ مجاہد نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے کشیدگی ختم نہیں کرنا چاہتا۔
پاکستان افغانستان مذاکرات، پاکستان امریکا تعلقات، مارکو روبیو، افغان طالبان، دفتر خارجہ پاکستان، ٹی ٹی پی، بلوچستان لبریشن آرمی، سرحدی کشیدگی، دوحہ مذاکرات، استنبول مذاکرات







