غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سام سنگ 22 جولائی کو لندن میں گلیکسی اَن پیکڈ ایونٹ کا انعقاد کرے گا، جہاں کمپنی اپنے نئے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز گلیکسی زیڈ فولڈ 8، گلیکسی زیڈ فولڈ 8 الٹرا اور گلیکسی زیڈ فلپ 8 متعارف کرائے گی۔
اگرچہ اس سے قبل مختلف لیکس میں ان نئے فولڈ ایبل فونز کے ڈیزائن سامنے آ چکے ہیں، تاہم اب بی ٹی ایس کے رکن جنگ ہو سوک، جو جے ہوپ کے نام سے مشہور ہیں، نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مختصر اسٹوری شیئر کی ہے، جس میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔
Samsung s Galaxy Z Fold 8 just made an unexpected early appearance.
— Procast (@procastx) July 18, 2026
BTS J-Hope was spotted using the upcoming foldable in a new Instagram Story ahead of Galaxy Unpacked, giving us another real-world look at Samsung s next-gen design.
Official launch: July 22. pic.twitter.com/mkdJLAbkY7
رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو میں کوئی نئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم اس سے قبل سامنے آنے والی ڈیزائن لیکس کی تصدیق ضرور ہوتی ہے۔ سام سنگ ماضی میں بھی بی ٹی ایس کے ساتھ متعدد بار شراکت داری کر چکا ہے، جس کے باعث اس جھلک کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سام سنگ نے اپنی نئی فولڈ ایبل سیریز کے ناموں میں بھی تبدیلی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ سال متعارف کرائے گئے گلیکسی زیڈ فولڈ 7 کے جانشین کو اب گلیکسی زیڈ فولڈ 8 الٹرا کہا جائے گا، جبکہ جس ماڈل کے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 وائیڈ کے نام سے متعارف ہونے کی افواہیں تھیں، اسے اب گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کے نام سے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
سام سنگ نے تاحال اپنے آنے والے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کی تفصیلات باضابطہ طور پر جاری نہیں کیں، تاہم حالیہ معتبر لیکس میں ان ڈیوائسز کے متعدد فیچرز اور خصوصیات سامنے آ چکی ہیں۔






