گوگل کا کہنا ہے کہ صارفین کی جانب سے ریکارڈ کی گئی سیلفی ویڈیو بنیادی طور پر صرف شناخت کی تصدیق اور اکاؤنٹ میں سائن اِن کے عمل کے لیے استعمال کی جائے گی۔ تاہم اگر کوئی صارف اضافی مقاصد کے لیے اس کے استعمال کی رضامندی دیتا ہے تو ہی اسے ان مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

کمپنی کے مطابق اس نئے نظام میں سیکیورٹی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ گوگل نے بتایا کہ جعلی شناخت یا جدید مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی جانے والی ڈیپ فیک ویڈیوز سمیت نقالی کی مختلف کوششوں کو روکنے کے لیے متعدد حفاظتی پرتیں استعمال کی جا رہی ہیں تاکہ صرف اصل صارف ہی اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکے۔

گوگل نے مزید وضاحت کی کہ صارف کی سیلفی ویڈیو محفوظ انداز میں اسٹور کی جائے گی، چاہے وہ فوری طور پر استعمال نہ بھی ہو۔ اس کے ساتھ صارفین کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی وقت اپنے گوگل اکاؤنٹ کی سیٹنگز میں جا کر اپنی سیلفی ویڈیو مستقل طور پر ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ فیچر اکاؤنٹ ریکوری کے عمل کو پہلے سے زیادہ آسان اور محفوظ بنانے کی کوشش ہے، تاہم صارفین کو چاہیے کہ وہ دو مرحلہ تصدیق اور دیگر سیکیورٹی فیچرز بھی فعال رکھیں تاکہ ان کے اکاؤنٹس مزید محفوظ رہیں۔

مزید پڑھیں: گارمن نے اسکرین کے بغیر پہلا اسمارٹ فٹنس بینڈ متعارف کرا دیا

گوگل نے فی الحال اس فیچر کی دستیابی کے مراحل اور تمام ممالک میں اس کے مکمل نفاذ کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم توقع ہے کہ اسے بتدریج صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔