متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دنیا بھر میں اتوار کے روز میٹا کے زیرِ انتظام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز جزوی طور پر متاثر ہو گئیں، جس کے باعث متعدد صارفین کو مختلف تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
آن لائن سروسز میں تعطل کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کے مطابق 19 جولائی کو دوپہر کے وقت فیس بک سے متعلق شکایات میں اچانک اضافہ دیکھا گیا۔ زیادہ تر صارفین نے ویب سائٹ تک رسائی، لاگ اِن اور سرور کنکشن سے متعلق مسائل کی اطلاع دی۔
متعدد صارفین کے مطابق انہیں براؤزر کے ذریعے اپنے فیس بک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری پیش آئی، جب کہ کچھ صارفین عارضی طور پر اپنے اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ بھی ہو گئے۔
دوسری جانب انسٹاگرام صارفین کو بھی مختلف تکنیکی مسائل کا سامنا رہا۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 40 فیصد صارفین نے ایپ میں نیویگیشن کے مسائل، 30 فیصد نے فیڈ لوڈ نہ ہونے اور 20 فیصد نے سرور کنکشن سے متعلق خرابی کی شکایت درج کرائی۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں فیس بک سے متعلق 4 ہزار 700 سے زائد جب کہ انسٹاگرام سے متعلق 3 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔
ویب سائٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ اعداد و شمار صارفین کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹس پر مبنی ہیں، اس لیے متاثرہ صارفین کی اصل تعداد مختلف ہو سکتی ہے۔
ادھر انٹرنیٹ سروسز میں تعطل کی نگرانی کرنے والے ادارے نیٹ بلاکس نے بھی تصدیق کی کہ فیس بک اور انسٹاگرام سمیت میٹا کے مختلف پلیٹ فارمز عالمی سطح پر عارضی تعطل کا شکار ہیں۔
مزید پڑھیں: چین کا مصنوعی ذہانت پر کسی ایک ملک کی اجارہ داری مسترد کرنے کا مطالبہ
نیٹ بلاکس کے مطابق یہ مسئلہ کسی مخصوص ملک میں انٹرنیٹ بندش یا حکومتی فلٹرنگ کا نتیجہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر پیش آنے والی تکنیکی خرابی ہے۔ تاحال میٹا کی جانب سے اس تعطل کی وجہ یا سروسز کی مکمل بحالی کے وقت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی یو اے ای سمیت مختلف ممالک میں فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کو اسی نوعیت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب متعدد صارفین اپنے اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ ہو گئے تھے اور دوبارہ لاگ اِن نہیں کر پا رہے تھے۔







