پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز 12 اگست کی رات 8 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جب کہ مکمل گرہن کا آغاز رات 9 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔ گرہن رات 10 بج کر 46 منٹ پر عروج پر پہنچے گا، جب کہ مکمل گرہن کا اختتام رات 11 بج کر 34 منٹ پر ہوگا۔

پاکستان میں گرہن کے اہم مراحل کے دوران رات ہونے کے باعث شہری اس فلکیاتی مظہر کا مشاہدہ نہیں کر سکیں گے۔

سورج گرہن کہاں نظر آئے گا؟

12 اگست کو چاند زمین اور سورج کے درمیان آ جائے گا، جس کے باعث گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی روس، اسپین اور پرتگال کے بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔

شمالی امریکا کے مختلف علاقوں، کینیڈا، یورپ کے بیشتر حصوں اور شمال مغربی افریقہ میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔

ناسا کے مطابق یورپ اور افریقہ کے مغربی علاقوں میں گرہن کے دوران سورج غروب ہوگا، جس کے باعث غروبِ آفتاب کے ساتھ سورج گرہن کا منفرد منظر بھی دیکھنے کو ملے گا۔

سورج گرہن براہِ راست کیسے دیکھا جا سکے گا؟

ناسا کی جانب سے اس فلکیاتی واقعے کی آن لائن براہِ راست نشریات بھی کی جائیں گی، جسے پاکستانی وقت کے مطابق 12 اگست کی رات آن لائن دیکھا جا سکے گا۔

ماہرینِ فلکیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جن علاقوں میں سورج گرہن نظر آئے گا، وہاں مخصوص سولر گلاسز کے بغیر براہِ راست سورج کی طرف ہرگز نہ دیکھیں، کیونکہ اس سے آنکھوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔