امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ راستوں کو کھولنا آتا ہے حکومت فسطائیت سے باز آئے ۔ لیوی بھتے کے خلاف نکلے ہیں، ہماری جدوجہد نے سیاست کا نیا عنوان متعارف کروایا ہے۔ حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں، لگژری طیارے نہیں چھوڑتے، عوام سے قربانی مانگتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لیوی بھتہ ختم اور پیٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں، لیوی بھتے کے نفاذ اور آئی پی پیز مافیا کے ساتھ یہ سیاسی جماعتیں بھی شریک ہیں۔ یہ سب سیاسی جماعتیں ملی ہوئی ہیں ، حکومت بجلی جو بنتی نہیں اسکے بھی پیسے ادا کرتی ہے، قوم جبر میں رہی ، اور یہ سیاسی جماعتیں کلٹ کی سیاست کرتی رہیں، حکومت اپنے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔

ہماری بہنیں اور بیٹیاں بھی جلسے میں شریک ہیں، بچوں سمیت جب سب چل پڑے تو حکمرانوں کے بس میں کچھ نہیں رہے گا، لانگ مارچ کو صرف وقفہ دیا ہے ، اسے ختم نہیں کیا، میدان نہیں چھوڑا ،ہم موجود ہیں، اگر ریلیف نہ ملا تو پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے۔ ہم لیوی کا بھتہ ختم کروانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم لیوی ختم کرنے کا اعلان کریں، دھوکا دیا تو ملتان سے لانگ مارچ آگے بڑھے گا: لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ آج کا جلسہ گواہی ہے کہ جماعت اسلامی کی تربیت سے یہ کامیاب ہوا، آج یہاں پولیس کے دستے موجود تھے، میں نے کہا ہم پرامن لوگ ہیں۔ ہم پرامن انداز میں عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں۔

 پرامن لوگوں کو تنگ کرنے سے حکمرانوں کو زوال آتا ہے، ہمارے دھرنا طویل مدت تک چلا، ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا، ہم نے ملک بھر میں احتجاج کیے، 510 سڑکیں بند کیں، ہم نے اپنے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں سے عوام کی ترجمانی کی، لاہور، پشاور، کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت بیشتر شہروں میں دھرنے دئیے، لاہور جلسے کی شاندار کامیابی پر کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کامیاب دھرنوں نے حکمرانوں کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا، حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کا وہ مسئلہ اٹھایا جس نے قومی معیشت کو جام کر رکھا ہے، فی لیٹر پٹرول پر عائد لیوی ہی ملک میں مہنگائی کا اصل سبب ہے۔

جماعت اسلامی ملک میں زراعت، صنعت اور کاروبار کا پہیہ چلانا چاہتی ہے، حکومت کو متبادل تجاویز دیں۔ وزیر اعظم لیوی ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کریں، وزیراعظم کی یقین دہانی پر مارچ کا پڑاؤ ملتان میں کیا ہے، دھوکہ دیا گیا تو لانگ مارچ فوراً آگے بڑھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف وطن واپسی پر فوری لیوی بھتہ کے خاتمے کا اعلان کریں، پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو احتجاج جاری رہے گا اور حافظ نعیم الرحمان پورے ملک کا دورہ کریں گے۔


پولیس، اسٹیج کنٹینر، کرسیاں اور دیگر سامان اٹھا کر لے گئی، ترجمان جماعت اسلامی

جلسہ شروع ہونے سے پہلے لاہور انتظامیہ وحدت روڈ جلسہ گاہ پہنچ گئی، پولیس جلسہ گاہ میں موجود سامان اٹھا کرلے گئی۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق پولیس، اسٹیج کنٹینر، کرسیاں اور دیگر سامان اٹھا کر لے گئی۔ 

جماعت اسلامی کے کارکن لاہور اور گرد و نواح سے اکٹھے ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی لیوی بھتہ کیخلاف جلسہ کرکے رہے گی، کارکن  طے شدہ مقام پر پہنچیں وہیں جلسہ منعقد ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے  وحدت روڈ لاہور پر پولیس گردی کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ 

رکاوٹوں کے باوجود عوام کی ایک بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچ گئی ۔