تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عدالتی احکامات کی روشنی میں سہیل آفریدی سے بطور وزیرِاعظم خیبر پختونخوا عہدے کا حلف لیا۔
خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا تھا کہ وہ صوبائی چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی تھی کہ چیئرمین عمران خان نے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے۔
اتوار (12 اکتوبر) کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ اعتراض کے ساتھ واپس کر دیا گیا۔
انہوں نے ایک خط بھی جاری کیا تھا، جو علی امین گنڈاپور کے نام تھا، اس میں بتایا گیا تھا کہ گورنر ہاؤس کو 8 اور 11 اکتوبر کو دو استعفے موصول ہوئے، لیکن دونوں پر دستخط ایک جیسے نہیں تھے۔
دوسری جانب، علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ ان کے دونوں استعفوں پر ان کے اصلی دستخط موجود ہیں۔
13 اکتوبر کو خیبرپختونخوا میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا تھا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر صوبے کے 30ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے۔
تاہم، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کا آج ہونے والا انتخاب غیر آئینی ہوگا، جب تک علی امین کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر آئینی تصور ہوگا۔
آخرکار پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیں۔
عدالت نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیں۔ اگر گورنر نےحلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکر نومنتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لیں۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ حلف نہیں لوں گا، آئین اور قانون پر عمل کروں گا۔
گورنر فیصل کریم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے طیارے کےلیے درخواست کی ہے، میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہوچکا ہے، میرا جو آئینی فرض ہے، وہ ادا کروں گا۔







