دوسری جانب ایک غیر معمولی منظرنامے میں 2021 کی چیمپئن آسٹریلیا کو ابتدائی مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے، جب کہ امریکا کے پاس اگلے مرحلے تک رسائی کا امکان اب بھی موجود ہے۔
اب تک کون سی ٹیمیں سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں؟
دفاعی چیمپئن انڈیا نے گزشتہ روز پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنالی ہے، جب کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ بھی اس مرحلے میں داخل ہو چکی تھیں۔
اب تک کون سی ٹیمیں دوڑ سے باہر ہوگئ ہیں؟
گروپ مرحلے کے اپنے ابتدائی تینوں میچز میں شکست کے بعد نمیبیا، نیپال اور عمان کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہو چکی ہیں۔ اگرچہ ان کا ایک، ایک میچ باقی ہے، تاہم ان مقابلوں کا کوالیفکیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
کیا پاکستان سپر ایٹ میں پہنچ سکتا ہے؟
پاکستان کے پاس اب بھی اگلے مرحلے میں رسائی کا موقع موجود ہے۔ اگر وہ اپنے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو شکست دے دیتا ہے تو وہ سپر ایٹ میں جگہ بنا سکتا ہے۔ تاہم نیٹ رن ریٹ کی دوڑ میں اسے امریکا سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔
اس وقت پاکستان کا نیٹ رن ریٹ امریکا کے مقابلے میں خاصا پریشان کن ہے، لیکن اگر پاکستان کو نمیبیا کے خلاف غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا یا کامیابی کا مارجن کم رہا تو صورتحال پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
کیا آسٹریلیاٹورنامنٹ سے باہر ہوسکتا ہے؟
ماضی میں 2009 کے ایڈیشن میں ایسا ہو چکا ہے، تاہم اگر آسٹریلیا گروپ مرحلے ہی میں باہر ہوتا ہے تو یہ شائقین کے لیے بڑا دھچکا ہوگا۔ سپر ایٹ تک رسائی کے لیے آسٹریلیا کو اپنے باقی دونوں میچز میں جو کہ ایک سری لنکااور دوسرا عمان کے خلاف کامیابی درکار ہے۔
تاہم دونوں میچز جیتنا بھی کافی ثابت نہیں ہو سکتا، کیونکہ نیٹ رن ریٹ فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔ موجودہ صورتِ حال میں سری لنکا اور زمبابوے کرکٹ ٹیم بھی چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلہ کا اختتام کر سکتی ہیں۔ آسٹریلیا کی امیدیں دیگر میچز کے نتائج سے بھی وابستہ ہیں۔
دیگر گروپس کی صورتحال
گروپ اے میں پاکستان دوسری پوزیشن کے لیے مضبوط امیدوار ہے، جب کہ امریکا بھی دوڑ میں شامل ہے۔
گروپ بی میں سری لنکا، زمبابوے اور آسٹریلیا تینوں کے پاس کوالیفائی کرنے کا موقع ہے، جس سے یہ گروپ سب سے زیادہ سنسنی خیز بن گیا ہے۔
گروپ سی میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم اگر اپنے آخری میچ میں اٹلی کو شکست دے دیتی ہے تو سپر ایٹ میں پہنچ جائے گی۔
گروپ ڈی میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کمزور حریف کینیڈا کے خلاف کامیابی کے ساتھ گروپ لیڈر جنوبی افریقہ کا ساتھ دے سکتی ہے، جب کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کی امیدیں اس بات سے مشروط ہیں کہ وہ اپنا میچ جیتے اور نیوزی لینڈ شکست کھائے۔
سپر ایٹ مرحلہ کب ہوگا؟
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا مرحلہ 21 فروری سے یکم مارچ تک کھیلا جائے گا، جہاں آٹھ بہترین ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنائیں گی۔







