سینئر صحافی رانا محمد عظیم نے کہا ہے کہ حکومت کھل کے پارٹی بن چکی ہے، الیکشن میں ہم فارم 47 نہیں چلنے دیں گے، ہم مقابلہ کرررہے ہیں، ہم نے مقابلہ جیت لیا ہے۔
لاہور پریس کلب میں جنرل سیکرٹری کے امیدوار عبدالمجید ساجد نے کہا ہے کہ ہم نہ تو شرپسند ہیں اور نہ ہم بھیڑیے ہیں، ہم انسان ہیں۔ ہم کمیونٹی کی خدمت کرتے ہیں، ہمارے لیے الیکشن میں ہارنا جیتنا میٹر نہیں کرتا، اس الیکشن میں ایسا لگ رہا ہے کہ ن لیگ ہماری مخالفت پر آگئی ہے۔
قاضی طارق عزیز نے کہا ہے کہ حکومت کون ہوتی ہے جو کہے کہ 30 جنوری تک الیکشن کروا لیے جائیں۔ صحافی آزاد ہیں کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کریں گے۔ حکومت الیکشن میں پارٹی بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری کی زیر صدارت جرنلسٹ ہاؤسنگ
فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 14واں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ عظمٰی بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت خلوصِ نیت سے صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے رہائشی سہولت فراہم کر رہی ہے، تاہم بدقسمتی سے کچھ عناصر صحافت کے لبادے میں اپنے ہی صحافی بھائیوں کے مستقبل کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے مخالفت کرنے والوں کو شرپسند عناصر اور کالی بھیڑوں سے تشبیہہ دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسے عناصر کو شرم آنی چاہیے جو صحافیوں کے بچوں کے مستقبل کو ذاتی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان عناصر کو واضح پیغام ہے کہ صحافیوں کی چھت پر گندی سیاست نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے ایک سیاسی جماعت کے میڈیا ونگ کی جانب سے صحافی کالونی فیز ٹو کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تاہم آئندہ چند دنوں میں ایسے عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
اس موقع پر انہوں نے لاہور پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ کے تعاون کو بھی سراہا۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صحافی کالونی فیز ٹو کے 1400 صحافی ممبران اپنے ڈویلپمنٹ چارجز کے ایڈوانس جمع کروا چکے ہیں جبکہ وزارت اطلاعات پنجاب کے 635 ملازمین نے بھی ایڈوانس چارجز جمع کروا دیے ہیں۔ باقی ممبران بھی جلد اپنے واجبات جمع کروائیں۔عظمٰی بخاری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ 3200 صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نان ممبران کی بیلٹنگ کا عمل مکمل شفاف طریقے سے کیا جائے گا اور مافیا یا پریشر گروپس بنا کر حکومت کو بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ راولپنڈی اور ملتان کی جرنلسٹ ہاؤسنگ اسکیموں کے معاملات آئندہ اجلاس تک مؤخر رہیں گے جبکہ ملتان پریس کلب سے کونسل ممبران صحافیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔
مزید برآں، لاہور کی صحافی کالونی میں ایل ڈی اے کے کمرشل پلان کو بھی اپنانے کی منظوری دی گئی۔آخر میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ تمام پریس کلبز دسمبر سے جنوری کے دوران اپنے انتخابات کرانے کے پابند ہوں گے-







