لائیو

ایران کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اب بھی آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے: صدر ٹرمپ

ایران کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اب بھی  آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے: صدر ٹرمپ19 اکتوبر، 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ معاملات طے کرنے اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ بات چیت کس سمت میں آگے بڑھے گی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ایران کا فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا گیا ہے اور امریکا اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ تہران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔ ٹرمپ نے ایرانی جزیرے قشم پر ہونے والے حملوں کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کارروائیاں محدود نوعیت کی ہیں اور ایران کے نصب کردہ دفاعی نظام کو چند منٹوں میں ناکارہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے اس جنگ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چھ ماہ گزرنے کے باوجود کوئی زخمی نہیں ہوا، جبکہ روس اور یوکرین جنگ ختم کرانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ امریکی صدر نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھنے کا دعویٰ دہرایا۔

  • واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان موجودہ مفاہمتی یادداشت کے تحت اسرائیل کو سالانہ 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ یہ معاہدہ 2028 تک جاری رہنا ہے، جب کہ اس کے بعد امریکی امداد کی نوعیت سے متعلق بات چیت بھی جاری ہے۔

  • امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کو ہر سال فنڈز کی فراہمی اور اجرا کے لیے بجٹ کی منظوری دینا ہوتی ہے۔ اس لیے ٹرمپ کے اعلان سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ موجودہ امدادی معاہدے میں کیا تبدیلی کی جائے گی۔

  • دوسری جانب ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے غیر ملکی خبرایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے سے ابھی بہت دور ہیں۔

  • عہدیدار نے کہا کہ  ایران امریکا کے حد سے زیادہ مطالبات کو قبول نہیں کرے گا، اگر امریکا آبنائے ہرمز کھلوانا چاہتا ہے تو اسے ایران کی شرائط پوری کرنا ہوں گی، جس کے بعد جوہری مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں۔

  • ایرانی عہدیدار کا کہناہے کہ ثالث ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، تاہم ایران امریکی حملوں کی صورت میں خطے اور اس سے باہر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

تازہ اپڈیٹس

  1. امریکی وسط مدتی انتخابات: ٹرمپ نے ریپبلکنز کی ناکامی کی ذمے داری قبول کرنے سے انکار کر دیا

    امریکی وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں اہم انتخابی حلقوں کی نشستیں ریپبلکن پارٹی کے ہاتھ سے نکلنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پارٹی کی ناکامی کی ذمے داری قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے منگل کی رات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری ایک پیغام میں دعویٰ کیا کہ اگر ان کا نام بیلٹ پیپر پر ہوتا تو ریپبلکن پارٹی کانگریس میں اپنی اکثریت باآسانی برقرار رکھتی اور شاندار تاریخی کامیابی حاصل کرتی۔

    انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق کئی اہم اور سخت مقابلے والے حلقوں میں ریپبلکن امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ان میں سے بعض نشستیں ڈیموکریٹس نے حاصل کر لی ہیں۔

    ٹرمپ نے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنے بیان میں اپنی انتخابی مہم یا سیاسی حکمت عملی پر سوالات کا جواب دینے کے بجائے یہ مؤقف اختیار کیا کہ ان کی براہِ راست انتخاب میں عدم موجودگی ریپبلکن پارٹی کی کارکردگی پر اثرانداز ہوئی۔

    صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے حمایت یافتہ اور نامزد امیدواروں کو ملک بھر کے اہم انتخابی مقابلوں میں مشکلات اور ناکامیوں کا سامنا ہے۔

    امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کانگریس میں طاقت کا توازن طے کرنے کے ساتھ صدر ٹرمپ کی باقی مدتِ صدارت کے لیے قانون سازی اور سیاسی حکمت عملی پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

  2. امریکا رواں سال کے اختتام پر اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر کی مالی امداد دینا بند کردے گا، ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے پروگرام ’فاکس اینڈ فرینڈز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا رواں سال کے اختتام پر اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر کی مالی امداد دینا بند کردے گا۔ اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ کئی ماہ قبل معاہدہ طے پاچکا ہے

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اب مالی امداد کا محتاج نہیں اور وہ ایک کامیاب ملک بن چکا ہے۔ امریکا ضرورت پڑنے پر اسرائیل کی مدد جاری رکھے گا، تاہم سالانہ مالی ادائیگی ختم کردی جائے گی۔

    ٹرمپ نے امداد بند کرنے کی ایک وجہ امریکی سیاست میں اسرائیل کو دی جانے والی مالی معاونت پر بڑھتی ہوئی تنقید کو بھی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیں بازو کے سیاست دان اور بعض ڈیموکریٹس امریکی امداد کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے ریپبلکنز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

    انہوں نے مشی گن سے ڈیموکریٹک سینیٹ کے امیدوار عبدل السید کا بھی حوالہ دیا، جو اسرائیل کو غیر مشروط فوجی امداد دینے کے مخالف ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ امریکی مالی وسائل کو پہلے امریکی شہریوں کی ضروریات پر خرچ کیا جانا چاہیے۔

    ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امداد بند کرنے کا خیال نیتن یاہو کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے خود کہا تھا کہ امریکی امداد حاصل نہ کرنا مناسب ہوگا، کیونکہ یہ معاملہ امریکا میں سیاسی تنقید کا سبب بن رہا ہے۔

    ٹرمپ کے اعلان کے باوجود یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ کس مخصوص مالی امداد کی بات کررہے ہیں اور اسے سال کے اختتام پر کس طریقہ کار کے تحت روکا جائے گا۔

    واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان موجودہ مفاہمتی یادداشت کے تحت اسرائیل کو سالانہ 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ یہ معاہدہ 2028 تک جاری رہنا ہے، جب کہ اس کے بعد امریکی امداد کی نوعیت سے متعلق بات چیت بھی جاری ہے۔

    امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کو ہر سال فنڈز کی فراہمی اور اجرا کے لیے بجٹ کی منظوری دینا ہوتی ہے۔ اس لیے ٹرمپ کے اعلان سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ موجودہ امدادی معاہدے میں کیا تبدیلی کی جائے گی۔

    غزہ جنگ کے آغاز کے بعد امریکا میں اسرائیل کی حمایت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، بالخصوص ڈیموکریٹک ووٹرز میں۔ جون میں کوئنی پیاک یونیورسٹی کے ایک سروے کے مطابق 48 فیصد امریکی ووٹرز اور 66 فیصد ڈیموکریٹس کا خیال تھا کہ امریکا اسرائیل کی ضرورت سے زیادہ حمایت کررہا ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اس سے قبل بھی امریکی فوجی امداد پر انحصار کم کرنے کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں۔

    مئی میں سی بی ایس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اگلی دہائی کے دوران اسرائیل کو امریکی فوجی امداد سے بتدریج آزاد دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اکتوبر میں اسرائیلی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بھی نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل کو مستقبل میں امریکی امداد جاری رہنے کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، کیونکہ امریکا تبدیل ہوچکا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ جنگ کے ابتدائی دو برسوں میں امریکا نے اسرائیل کو 21.7 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی۔

    ٹرمپ کے حالیہ اعلان کے بعد یہ سوال اہم ہوگیا ہے کہ آیا امریکا واقعی رواں سال کے اختتام پر اسرائیل کی سالانہ مالی معاونت روک دے گا یا یہ فیصلہ 2028 میں موجودہ معاہدے کی مدت مکمل ہونے کے بعد نافذ ہوگا۔

  3. ماسکو ایران کے ساتھ اپنا تعاون ترک نہیں کرے گا، روس

    روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو ایران کے ساتھ اپنا تعاون ترک نہیں کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

    تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے پر مکمل طور پر قائم ہے۔ انہوں نے ایران کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے کی پیشکش کا بھی ذکر کیا۔

    روسی وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان ماسکو میں منعقد ہونے والی گیس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔

    اس موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ روس اور ایران اس بات پر متفق ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ کے مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے خطے میں عدم تحفظ کا ذمہ دار امریکا کے ساتھ جاری جنگ اور بحری ناکہ بندی کو قرار دیا۔

    عباس عراقچی کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ یہ آبی راستے عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے اہم ہیں، اس لیے ان سے متعلق کشیدگی کے علاقائی اور عالمی معیشت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

  4. سعودی عرب کی مدد کے لیے مصری فوج بھیجنے کا اختیار دینے پر ووٹنگ 26 اکتوبر تک ملتوی

    مصر کی پارلیمنٹ میں صدر عبدالفتاح السیسی کو سعودی عرب کی درخواست پر حوثی حملوں کے خلاف فوجی مدد فراہم کرنے کا اختیار دینے سے متعلق ووٹنگ ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔ اب اس معاملے پر ووٹنگ 26 اکتوبر کو ہوگی۔

    رپورٹس کے مطابق ووٹنگ ملتوی کرنے کا مقصد پارلیمنٹ کے تمام ارکان کو معاملے پر اپنی رائے دینے اور مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

    صدر السیسی نے ہفتے کے روز پارلیمانی ارکان سے کہا تھا کہ اگر سعودی عرب درخواست کرے تو مصر کو حوثیوں کے حملوں کے خلاف اس کی مدد کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

    مصری صدر کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے لیے پارلیمانی منظوری ضروری ہے، اسی لیے انہوں نے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی تاکہ سعودی عرب کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کی صورت میں مصر کارروائی کرنے کا اختیار حاصل کرسکے۔

    مصر 2015 میں یمن میں سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کا حصہ بنا تھا، تاہم اس کا کردار زیادہ تر بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے راستوں کی حفاظت تک محدود رہا۔

    موجودہ پارلیمانی ووٹنگ اس بات کا تعین کرنے میں اہم ہوگی کہ آیا مصر کو سعودی عرب کی درخواست پر مزید فوجی مدد فراہم کرنے کا اختیار دیا جاتا ہے یا نہیں۔

    دوسری جانب حوثی رہنماؤں نے مصر کو سعودی عرب کے ساتھ جاری تنازع میں مداخلت سے خبردار کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایسی مداخلت اسرائیلی مفادات کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ حوثیوں نے براہِ راست حملے کی دھمکی دینے کے بجائے 1960 کی دہائی میں یمن میں مصر کی فوجی مداخلت کا حوالہ دیا، جس میں مصری فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

  5. حوثیوں کو اسلحہ اسمگلنگ روکنے کی وارننگ، سعودی اتحاد کا انتباہ

    یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی مدد کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے حوثی تحریک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسلحہ، میزائل اور فوجی ساز و سامان کی سمگلنگ کے لیے ’روایتی بحری ذرائع‘ استعمال نہ کرے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا یمن کی سلامتی کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور شہریوں کی جانوں اور ان کی حفاظت کو بھی خطرے میں ڈالتا ہے۔

    سعودی اتحاد کی قیادت نے تمام بحری جہازوں کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ سمندر کے راستے یمن کے ساحلوں تک اسلحہ، میزائل اور فوجی ساز و سامان کی سمگلنگ میں حوثیوں کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کریں تاکہ ان کی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

    عسکری اتحاد کی جانب ایسی ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ان میں حوثیوں کو اسلحہ پہنچانے میں ملوث کشتیوں کو نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق سمگلنگ کی ان کوششوں میں مبینہ طور پر منظم جرائم پیشہ گروہ ملوث ہیں۔

  6. فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران پہنچ گئے

    پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں۔

    ایرانی خبر رساں ادارے پریس ٹی وی اور بی بی سی فارسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ دوراہ ایران کے لیے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی ایران پہنچے ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے ساتھ ساتھ فیلڈ مارشل بھی ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

    جنگ بندی کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تہران کا یہ پانچواں سرکاری دورہ ہے۔

    اس سے قبل دو ستمبر کو اپنے دورۂ ایران کے دوران انھوں نے صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی، پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور وزیرِ داخلہ سکندر مومنی سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    عاصم منیر کی آمد سے ایک گھنٹہ قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اس ملاقات کا بنیادی مقصد ’دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانا‘ ہے۔

  7. امریکی صدر ٹرمپ روسی صدر کی تجویز پر اجلاس میں شرکت کے لیے تیار

    امریکی میڈیا کی جانب سے خبر دیے جانے کے بعد کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین جنگ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے امریکہ اور چین کے صدور کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کی تجویز دی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایسے اجلاس کے لیے تیار ہیں۔

    برطانوی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے زور دیا کہ اس ملاقات کا محور جوہری ہتھیاروں کی تخفیف ہوگا، نہ کہ یوکرین کا معاملہ۔ امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین کے معاملے پر روس کا مؤقف ’قابلِ قبول‘ رہا ہے۔

    وال سٹریٹ جرنل کی جانب سے پوتن کی اس تجویز سے متعلق رپورٹ نے یورپ میں تشویش پیدا کی ہے، جبکہ کیئف کی جانب سے بھی اس کی مذمت کی گئی ہے۔

    ٹرمپ نے ایک بار پھر یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاید اب وقت آ گیا ہے کہ کوئی اور شخص کیئف کی جانب سے مذاکرات کرے۔

  8. حوثیوں سے لڑنے کے لیے برطانیہ سعودی عرب کو لڑاکا طیارے دے گا

    برطانوی حکومت نے حوثی باغیوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے خلاف سعودی عرب کے دفاع میں مدد کے لیے اپنے لڑاکا طیارے تعینات کرنے کا اعلان کردیا۔

    برطانوی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تعیناتی سعودی عرب کے لیے ’اضافی دفاعی فوجی تعاون‘ کا حصہ ہے۔ 

    وزارت کے مطابق ’برطانیہ سعودی شہروں اور اہم قومی بنیادی ڈھانچے کو فضائی حملوں سے بچانے کے لیے رائل ائیر فورس  کے ٹائفون لڑاکا طیاروں کی مدد سے دفاعی کاؤنٹر ایئر مشنز اڑائے گا‘۔

    بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ طیارے مکمل طور پر دفاعی کردار ادا کریں گے اور حوثیوں کے خلاف کوئی جارحانہ کارروائی نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ برطانیہ سعودی عرب کے اندر دفاعی سازوسامان کی نقل و حرکت میں مدد کے لیے ایک ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ اور سعودی افسران کی معاونت کے لیے برطانوی فوجی مشیر بھی تعینات کرے گا۔

    برطانوی وزیرِ دفاع ویس اسٹریٹنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمارے اتحادی سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل حملے انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔ خاص طور پر ریاض ائیرپورٹ کو نشانہ بنانا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ حوثی خطے میں کشیدگی بڑھانے کے لیے کس حد تک جارہے ہیں‘۔

  9. فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران میں اہم ملاقاتیں


    ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا نیویارک میں پیش کی گئی ایران کی 7 شرائط پر عمل درآمد کیے بغیر تہران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا۔

    تہران میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران قالیباف نے جنگ اور مذاکرات کے حالات میں ایران کا ساتھ دینے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ میں نے امریکی نائب صدر کو واضح طور پر بتایا تھا کہ اسلامی انقلاب سے پہلے اور بعد میں ایران کے خلاف امریکا کے منفی اقدامات کی طویل تاریخ نے ہمارے دل میں امریکا کے حوالے سے بداعتمادی کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔ 

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر  نے کہا کہ اب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی اور بار بار دی جانے والی دھمکیوں نے اس بداعتمادی کو پہلے سے بھی زیادہ بڑھا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کہنے کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ امریکا ایران کی جانب سے نیویارک میں پیش کی گئی7  شرائط پر عمل درآمد کے سوا کسی اور طریقے سے ایران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا۔

    باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں ہیں، لیکن اپنے وطن اور قومی وقار کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ دھمکیوں اور فوجی نقل و حرکت سے  ایران کے  فیصلوں پر اثر نہیں پڑ سکتا۔

  10. ثالثی کی پیشکش پر سعودی عرب اور حوثیوں کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا، ایران

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ثالثی کی پیشکش پر سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    عراقی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے ثالثی کی پیشکش پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    یہ پیشکش رواں ماہ کے شروع میں ایرانی وزیر خارجہ نے اس وقت کی تھی جب حوثیوں نے سعودی عرب پر حملوں میں اضا فہ کیا تھا۔

  11. یمن تنازع طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوسکتا، ایران

    یرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہاکہ یمن تنازع طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوسکتا، سعودی عرب اور یمن کے درمیان مفاہمت اور مذاکرات سے تنازع حل ہونا چاہیے۔

    اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ یمن کے لوگ سالوں سے غیرانسانی اور غیرقانونی ناکابندی کا شکار ہیں،مارو اور بھاگ جاؤ والا زمانہ اب بدل گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا ہمیشہ معاہدے توڑنے کا ریکارڈ رہا ہے لیکن ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سفارت کاری اور فوجی دونوں ذرائع استعمال کرے گا۔

    اسماعیل بقائی نے کہا کہ روسی وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات جوہری بات چیت شامل نہیں تھی۔


  12. سعودی عرب کے دارالحکومت پر یمنی حوثیوں کے حملہ، فضائی دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا، سعودی اتحاد

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اتوار 25 اکتوبر کی صبح سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    ریاض میں دھماکوں سے قبل شہر کے رہائشیوں کو موبائل فون پر ’فضائی خطرے‘ سے متعلق انتباہی پیغامات موصول ہوئے، جن میں انھیں محفوظ مقام پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا ہے۔

    تاحال یہ واضح نہیں کہ ریاض میں سنے جانے والے دھماکے میزائل کو روکنے کے نتیجے میں ہوئے یا نہیں۔ کسی ممکنہ نقصان یا جانی نقصان کی بھی اطلاع نہیں ملی۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حوثی جنگجوؤں نے حالیہ دنوں میں سعودی ایئرپورٹس اور تیل کی تنصیبات پر حملوں میں اضافہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ وہ یہ حملے جاری رکھیں گے۔

  13. ایران کی امریکا کو وارننگ

    ایران کی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی محدود فوجی کارروائی کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا اور مسلح افواج ہر قسم کی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔

    خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف میڈیا پر دھمکی آمیز بیانات دیے جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں دھمکیاں دینے والے مؤثر فوجی کارروائی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

    حسین محبی نے کہا کہ دھمکیاں دینے والے بھی جانتے ہیں کہ موجودہ حالات میں وہ کوئی مؤثر کارروائی نہیں کرسکتے اور نہ ہی اپنے مقاصد حاصل کرپائیں گے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ ماضی کی فوجی کارروائیوں کو دہرانے کا انجام بھی شکست ہوگا، ان کے مطابق ایران کے مسلح افواج کی تیاری اور پہلے سے طے شدہ عملی منصوبوں کے باعث دشمن کی جانب سے معمولی کارروائی کا جواب بھی کئی گنا زیادہ شدت سے دیا جائے گا۔

  14. امریکی نائب صدر نے مذاکرات کی بحالی کے لیے ایران کو خط لکھ دیا

    امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کو خط لکھا ہے۔

    خبر کے مطابق نائب صدر نے خط میں زور دیا ہے کہ امریکا کے ممکنہ فوجی حملوں کو روکنے کے لیے کسی بھی قسم کے مذاکرات ’جوہری معاملے پر بات چیت‘ کے بغیر ممکن نہیں ہوں گے۔

    ایگزیوس کے مطابق یہ خط تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے امکان کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا گیا تھا، اور اس خط کی تجویز خود جے ڈی وینس نے دی تھی۔

    ایگزیوس نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس تجویز کا خیرمقدم کیا تھا۔

    اس سے قبل وال سٹریٹ جرنل نے اس خط کی ترسیل کی خبر دی تھی۔ نیو یارک ٹائمز نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ وینس کا خط گذشتہ ہفتے قطری ثالثوں کے ذریعے محسن رضائی تک پہنچایا گیا تھا۔

    اس اخبار کے مطابق وینس نے ’براہِ راست مذاکرات‘ کی تجویز پیش کی اور ان مذاکرات کی ذاتی طور پر قیادت کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔

    تاہم، ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ اس خط کا تعلق ایران کو ادویات اور طبی سامان کی فراہمی میں مدد سے تھا۔

    گذشتہ ہفتے، جب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ عاصم منیر تہران کے دورے پر تھے، اسی دوران قطری وفد کی ایرانی دار الحکومت آمد کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

    تاہم، پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھے جانے والے ذرائع ابلاغ نے قطری وفد کی آمد کی تردید کی تھی۔

    نشریاتی ادارے العربیہ نے بھی بدھ کی شب اطلاع دی کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ترکی کی میزبانی میں ایک اجلاس کے انعقاد کی کوششیں جاری ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران کا جوہری پروگرام ان مذاکرات کے ممکنہ موضوعات میں شامل ہو گا۔

  15. ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانوی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس ایم آئی 6 کو ’مخالف‘ گروہوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق، یہ فیصلہ ’سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل‘ کی ایک قرارداد کی بنیاد پر اور برطانوی حکومت کے اقدامات کے ردِعمل میں کیا گیا ہے۔

    وزارت نے یہ بھی اعلان کیا کہ برطانوی بحریہ اور رائل ایئر فورس کو تہران کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    یہ اقدام ’ایران کے جوابی کارروائی کے قانون‘ کے تحت اٹھایا گیا ہے، جو امریکہ کی جانب سے ’پاسدارانِ انقلاب‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کے ردِعمل میں ہے۔

    ایران نے اس فیصلے کی ایک وجہ جنگ کے دوران امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ برطانیہ کا فوجی تعاون قرار دیا ہے۔

    بیان کے مطابق، یہ فیصلے ’باہمی جوابی کارروائی‘ کے اصول کے تحت اور ’قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ‘ کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔

  16. ٹینکر ٹریکرز نامی ایک کمپنی، جو ٹینکروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتی ہے، نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی خام تیل کے 20 لاکھ بیرل پر مشتمل ایک کھیپ ساڑھے تین ماہ سمندر میں رہنے کے بعد چین پہنچ گئی ہے۔

    کمپنی نے ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر سے تصدیق ہوتی ہے کہ ایران سے منسلک ایک ٹینکر چینی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہوا ہے، تاہم کمپنی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    ایران کا کہنا ہے کہ اس نے صرف رواں سال کے پہلے چھ مہینوں میں 16 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا تیل برآمد کیا ہے۔

  17. فیول ریلیف کا سلسلہ جاری رہےگا، وفاقی وزیر اطلاعات

     وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم کی سخت ہدایت پر 15 روپے فی لیٹر قیمت کو نہیں بڑھنے دیا گیا،عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا پہلے دن سے وژن تھا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، پاکستان میں فیول کی قلت نہیں، ہماری ضرورت پوری ہو رہی ہے، دنیا بھر کی معیشت جنگوں سے متاثر ہے، پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی، مشکل حالات کے باوجود پاکستان کے معاشی انڈیکیٹرز مثبت ہیں۔

    عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل، رکشوں، چھوٹی گاڑی مالکان کو فیول ریلیف کا سلسلہ جاری رہےگا، اب تک پیٹرول کی مد میں27 ارب روپےکا ریلیف دے چکے ہیں، یہ بہت بڑا ریلیف ہے، اسکیم کامیابی سے جاری ہے، امن کی کوششیں بھی جاری ہیں، امن آئےگا تو حالات معمول کی طرف لوٹیں گے، سبسڈی جاری ہے اور جو قیمت بڑھنی تھی وہ نہیں بڑھنے دی گئی۔

     حکومت نے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنےکا فارمولا تبدیل کردیا

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنےکا فارمولا تبدیل کردیا ہے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی کابینہ نے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے۔حکومت نے  آئل ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ درآمدی قیمت اور ریفائنری کی سطح پر مقررہ قیمت کے درمیان فرق سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے، جب کہ اس سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کی صورت میں عوام کو منتقل کیا جائےگا۔

    حکومت نے ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 30 روز تک پیٹرول کی قیمت کے تعین میں پریمیئم، دیگر اخراجات اور کسٹم ڈیوٹی کی سطح 7 مارچ 2026 کے مطابق برقرار رکھی جائے، جسے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ سے قبل کی بنیاد تصور کیا گیا ہے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق درآمدی قیمت اور ریفائنری قیمت میں پیدا ہونے والا فرق پیٹرولیم لیوی کی مد میں قومی خزانے میں جمع ہوگا، اور اسی رقم کے برابر ریلیف پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ذریعے صارفین کو دیا جائے گا۔

  18. ہم نے فیصلہ کن جواب دیدیا، جنگ روکنے کیلئے اب فیصلہ امریکا کو کرنا ہے: باقر قالیباف

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرباقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکا کو ایک فیصلہ کن اور معقول جواب دیا جا چکا ہے، جنگ روکنے کے لیے اب فیصلہ امریکا کو کرنا ہے۔

    باقر قالیباف نے کہا کہ کوئی بھی اسٹریٹجک غلط اندازہ ان کے خلاف نئے محاذ کھول دے گا، دشمن کےکسی بھی اسٹریٹجک غلط اندازےپرایران کاردعمل جغرافیائی حدود تک محدود نہیں ہوگا۔

  19. پہلے مقامی ساختہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے 'فاز' میزائل کا کامیاب تجربہ

    آئی ایس پی آر  کے مطابق فضا سے فضا میں مار کرنے والا فاذ میزائل ملک میں تیار کیا گیا ہے جو جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فاذ میزائل طویل فاصلے تک دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ میزائل قومی ائیرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل ہے، فاذ میزائل پاک فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بنائے گا، یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی،جدت اورخودانحصاری کو اجاگرکرتاہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تجربےکامشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کےسینیئرافسران کےساتھ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نےکیا۔

    صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے میزائل کی تیاری میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔

  20. ایران نے جوہری امور سے متعلق تجویز امریکا کو بھجوا دی، مذاکرات کے لیے سات شرائط پیش

    ایران کے ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے کہا ہے کہ تہران نے جوہری امور سے متعلق ایک تجویز قطر کے ذریعے امریکا کو بھجوائی ہے، تاہم اس پر بات چیت کے لیے واشنگٹن کو ایران کے سات مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایرانی عہدیدار نے جمعرات کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا کی جانب سے ان مطالبات پر عمل درآمد کے بعد ہی تجویز پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ان شرائط کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    دوسری جانب ثالثوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ ختم کرانے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان لڑائی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ایک بیان میں انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا تھا۔ اس کے جواب میں ایران نے خبردار کیا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کرے گا۔

    ایران کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے جمعرات کو روس کے دورے کے موقع پر کہا کہ سفارت کاری کے حوالے سے ایران نے امریکا کے سامنے سات شرائط رکھی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب تک امریکا ان شرائط پر عمل نہیں کرتا، ایران نہ تو آبنائے ہرمز کھولے گا اور نہ ہی مذاکرات کرے گا۔

    ایران کے مطالبات میں ملک پر عائد پابندیوں کا خاتمہ، منجمد اثاثوں کی واپسی اور جنگ کے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ بھی بعض شرائط پیش کی گئی ہیں جن کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

    دوسری جانب امریکا کا مؤقف ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ابتدائی مذاکرات میں جوہری معاملات کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔

    امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملے کیے تھے، جن کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

    اس کے بعد لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بھی لڑائی شروع ہوگئی۔ حالیہ دنوں میں یہ تنازع یمن تک پھیل گیا، جہاں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں توانائی کے مراکز، ہوائی اڈوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا۔

مزید خبریں