اسلامی جمعیت طلبہ کے مطابق یہ کوئز مقابلے رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر مبنی ہوں گے اور ستمبر سے پاکستان کے مختلف بڑے شہروں میں مرحلہ وار منعقد کیے جائیں گے۔ مقابلوں کا مقصد نوجوانوں میں سیرتِ نبوی ﷺ کے مطالعے، کردار سازی اور اخلاقی تربیت کے فروغ کے ساتھ ساتھ اسوۂ حسنہ سے عملی رہنمائی حاصل کرنے کا شعور اجاگر کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ وسیم حیدر نے بتایا کہ مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار کو 5 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر 3 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن پر 2 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ابتدائی 100 طلبہ کو بھی خصوصی انعامات اور اعزازی اسناد سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید اور اسوۂ رسول اللہ ﷺ سے وابستگی ہی مسلم نوجوانوں کی فکری، اخلاقی اور عملی ترقی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کے ذریعے ملک بھر کے لاکھوں نوجوانوں کو سیرتِ نبوی ﷺ کا پیغام عام کرنے اور اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دی جائے گی۔
ناظمِ اعلیٰ کے مطابق مقابلوں میں شرکت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل 20 جولائی سے شروع کیا جائے گا، جہاں امیدواروں کو نصاب، امتحانی طریقۂ کار، تاریخوں اور دیگر ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے تمام تعلیمی اداروں، اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے اپیل کی کہ وہ اس تعلیمی و فکری مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ نئی نسل کو سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں مثبت کردار، اخلاق اور خدمتِ انسانیت کا شعور دیا جا سکے۔






