امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹریوس کیلسی نے کہا کہ نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں شادی کرنا ان کے بچپن کے خواب کی تکمیل تھی، کیونکہ یہ کھیلوں کے حوالے سے دنیا کے مشہور ترین مقامات میں سے ایک ہے۔

ٹریوس کیلسی اور ٹیلر سوئفٹ نے 3 جولائی کو نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ایک نجی اور ستاروں سے سجی تقریب میں شادی کی، تاہم تقریب کی بیشتر تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

ٹریوس کیلسی نے شادی کو ’میری زندگی کی بہترین رات‘ قرار دیتے ہوئے تقریب میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک یادگار اور غیر معمولی رات قرار دیا۔

شادی کی تقریب میں ہالی ووڈ اور شوبز کی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی، جن میں اداکار ہیو گرانٹ، جیسن سوڈیکیس، گلوکار بینسن بون اور ماڈل جیجی حدید سمیت دیگر نامور شخصیات شامل تھیں۔ تاہم اب تک شادی کی کوئی باضابطہ تصویر جاری نہیں کی گئی۔

ٹریوس کیلسی نے میڈیسن اسکوائر گارڈن کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جوڑے کی خواہش ایک نجی تقریب منعقد کرنے کی تھی اور انتظامیہ نے انہیں یہ موقع فراہم کیا، جس کے باعث تقریب بالکل ویسی ہی رہی جیسا وہ چاہتے تھے۔

دوسری جانب ٹریوس کیلسی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے حوالے سے کہا کہ شادی کے بعد ان کا آف سیزن بہت اچھا گزرا، تاہم اب وہ دوبارہ امریکی فٹبال کے میدان میں واپسی کے لیے پرجوش ہیں۔

مزید پڑھیں: کتوں کو مار کر بچوں کو سکھایا جا رہا ہے کہ تشدد ہر چیز کا جواب ہے، اداکارہ نادیہ افگن

37 سال کے ہونے والے ٹریوس کیلسی تین مرتبہ سپر باؤل چیمپئن رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اب بھی کھیل سے بہت محبت ہے اور وہ آنے والے سیزن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے فٹبال کے میدان کو اپنا ’پناہ گاہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ وقت گزارنا، باہمی ہم آہنگی پیدا کرنا اور ٹیم کے معیار کو بہتر بنانا ان کے لیے ہمیشہ اہم رہا ہے۔