رپورٹس کے مطابق راک اسٹار گیمز  کی یہ انتہائی متوقع گیم 19 نومبر 2026 کو سونی کے پلے اسٹیشن 5 اور مائیکروسافٹ کے ایکس باکس سیریز ایکس/ایس کے لیے ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

گیم کو اس سے قبل دو مرتبہ مؤخر کیا جا چکا ہے، تاہم شائقین کا جوش و خروش اب بھی برقرار ہے کیونکہ  جی ٹی اے وی  کی ریلیز کو ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔

تازہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب برطانیہ کی ایک بڑی گیم ریٹیل کمپنی کے مبینہ ملازم کی جانب سے شیئر کی گئی معلومات  ریڈایٹ  اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ہو گئیں۔

لیک کے مطابق  جی ٹی اے 6  کے پری آرڈرز ممکنہ طور پر 12 مئی سے شروع ہو سکتے ہیں، جب کہ گیم کے اسٹینڈرڈ ایڈیشن کی قیمت برطانیہ میں 69.99 پاؤنڈ اور یورپ کے مختلف ممالک میں تقریباً 69.99 یورو رکھی جا سکتی ہے۔

اگر یہ معلومات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ قیمت کئی گیمرز کے لیے کسی حد تک اطمینان کا باعث ہوگی، کیونکہ گزشتہ کئی ماہ سے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ٹیک ٹو انٹرایکٹو گیم کی قیمت 100 ڈالر کے قریب لے جا سکتی ہے۔

لیک میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر گیم کا صرف ایک ایڈیشن دستیاب ہوگا، جب کہ کسی خصوصی کنسول بنڈل کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔

دوسری جانب راک اسٹار گیمز نے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا اور نہ ہی قیمت، پری آرڈر یا گیم کے تیسرے ٹریلر سے متعلق کوئی سرکاری اعلان سامنے آیا ہے۔

مزید پڑھیں: دنیا 150 سال پرانا کونسا کی بورڈ لے آؤٹ استعمال کر رہی ہے؟

صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مئی کا مہینہ کمپنی کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ ٹیک ٹو انٹرایکٹو کی آمدنی سے متعلق اہم میٹنگ بھی رواں ماہ متوقع ہے۔

سوشل میڈیا پر ان لیکس پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کچھ صارفین اسے محض افواہ قرار دے رہے ہیں، جب کہ دیگر کا خیال ہے کہ راک اسٹار گیمز اب گیم کی تشہیری مہم کے اگلے مرحلے میں داخل ہونے جا رہی ہے۔

فی الحال دنیا بھر کے گیمرز اس انتظار میں ہیں کہ آیا یہ لیکس حقیقت ثابت ہوں گی یا پھر یہ بھی  جی ٹی اے 6  سے جڑی ایک اور انٹرنیٹ افواہ بن کر رہ جائیں گی۔