عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ منصوبہ فرانس میں اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد تجربہ ہے۔
دارالحکومت پیرس کے نواح میں واقع تاریخی عمارتوں اور سرسبز ماحول سے گھرا ویل ایورارڈ اسپتال مریضوں کو روایتی طبی علاج کے ساتھ یہ منفرد اور پُرسکون تجربہ بھی فراہم کر رہا ہے۔
اس خصوصی پروگرام کے تحت مریضوں کو گدھوں کے ساتھ وقت گزارنے، انہیں سیر کرانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کا موقع دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں جانور اور مریض کے درمیان ایک مضبوط جذباتی تعلق قائم ہو جاتا ہے۔ حال ہی میں منعقد ہونے والے ایک سیشن کے دوران متعدد مریضوں کو گدھوں کے ساتھ خوشگوار وقت گزارتے اور رخصت ہوتے وقت انہیں گلے لگا کر محبت کا اظہار کرتے دیکھا گیا۔
فرانس کے سرکاری نظامِ صحت کے تحت یہ سیشن مریضوں کو بلا معاوضہ فراہم کیے جا رہے ہیں۔
علاج کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے عموماً ہر مریض کو ایک مخصوص گدھے کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے تاکہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ایک دوسرے کے مزاج اور عادات سے مانوس ہو سکیں۔
اسپتال میں زیرِ علاج 60 سالہ مریضہ نیتھلی نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ گدھوں کے ساتھ وقت گزارنے سے انہیں ویسا ہی سکون ملتا ہے جیسا کسی پُرسکون دوا کے استعمال سے حاصل ہوتا ہے۔
Donkeys are helping psychiatric patients at a hospital in France. A unique therapy programme uses the animals to help people with mental health conditions recover. pic.twitter.com/4YpHf7G6cL
— The Associated Press (@AP) June 2, 2026
ان کے مطابق جانوروں کے ذریعے ہونے والی یہ تھراپی ذہنی آسودگی فراہم کرتی ہے اور انسان وقتی طور پر اپنی تمام پریشانیاں بھول جاتا ہے۔
اس یونٹ میں خدمات انجام دینے والی نرس آڈرے سیفار کا کہنا ہے کہ اس تھراپی کے نتیجے میں نیتھلی کی حالت میں چند ہی سیشنز کے بعد نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ نیتھلی ابتدا میں جسمانی معذوری کے باعث وہیل چیئر سے اٹھنے پر آمادہ نہیں ہوتی تھیں، تاہم گدھے کے ساتھ تعلق نے ان میں ایسا اعتماد پیدا کیا کہ اب وہ نہ صرف وہیل چیئر چھوڑ دیتی ہیں بلکہ اپنے جانور کے ساتھ کھڑی بھی ہو جاتی ہیں۔
اسی طرح 52 سالہ مریض جیروم نے بھی اس پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منفرد تھراپی نے ان کے اندر موجود شدید احساسِ تنہائی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق جانوروں کے ساتھ وقت گزارنے سے ذہنی سکون، جذباتی استحکام اور سماجی روابط میں بہتری آ سکتی ہے، جبکہ فرانس کا یہ منفرد تجربہ ذہنی صحت کے شعبے میں ایک نئی اور دلچسپ پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






