اسنیپ چیٹ کے مطابق نئے ضوابط کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے مواد شیئر کرنے اور اس کی نمائش کے طریقہ کار میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ ان کی ذاتی معلومات اور سرگرمیوں تک غیر متعلقہ افراد کی رسائی محدود کی جا سکے۔
کمپنی نے 13 سے 15 سال عمر کے صارفین کے لیے خصوصی پابندیاں متعارف کرائی ہیں۔ ان صارفین کی اسپاٹ لائٹ پوسٹس اب صرف ان افراد کو نظر آئیں گی جنہیں وہ خود فالو کرتے ہیں۔ اس سے قبل بعض حالات میں ان کی پوسٹس وسیع پیمانے پر دیگر صارفین تک بھی پہنچ سکتی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت ان کی سرگرمیوں کو زیادہ محدود اور محفوظ دائرے میں رکھا جائے گا۔
اس کے علاوہ 16 سال سے کم عمر صارفین کے لیے الگ پروفائل ویو متعارف کرایا گیا ہے، جس میں ان کی اسٹوریز اور دیگر سرگرمیاں صرف باہمی دوستوں کو دکھائی جائیں گی۔ کمپنی نے ایسے اکاؤنٹس سے لائکس اور دیگر مقبولیت ظاہر کرنے والے میٹرکس بھی ہٹا دیے ہیں تاکہ نوجوان صارفین پر سوشل میڈیا کی مقبولیت حاصل کرنے کا دباؤ کم کیا جا سکے۔
اسنیپ چیٹ کا کہنا ہے کہ 16 سے 18 سال کی عمر کے صارفین کو نسبتاً زیادہ آزادی حاصل ہوگی، تاہم ان کے لیے بھی اضافی حفاظتی اقدامات برقرار رہیں گے۔ اس عمر کے صارفین عوامی سطح پر اسپاٹ لائٹ مواد شیئر کر سکیں گے، لیکن اس کی رسائی مخصوص حدود کے اندر رکھی جائے گی تاکہ غیر ضروری رابطوں کے امکانات کم ہوں۔
کمپنی نے والدین کے لیے بھی اپنے فیملی سینٹر فیچر کو مزید بہتر بنایا ہے۔ نئے اپ ڈیٹ کے بعد والدین یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچے مختلف فیچرز، جیسے اسٹوریز اور اسپاٹ لائٹ، پر کتنا وقت گزار رہے ہیں۔ اس کا مقصد والدین کو اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر مناسب رہنمائی کر سکیں۔
اسنیپ چیٹ کے مطابق پلیٹ فارم پر پہلے سے بھی کئی حفاظتی اقدامات موجود ہیں، جن کے تحت اجنبی افراد کو کم عمر صارفین کو بلاوجہ پیغامات بھیجنے یا دوستی کی درخواستیں بھیجنے سے روکا جاتا ہے ، اگر کوئی نوعمر صارف کسی نامعلوم شخص سے رابطہ کرنے کی کوشش کرے تو اسے احتیاطی وارننگ بھی دکھائی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: دنیا 150 سال پرانا کونسا کی بورڈ لے آؤٹ استعمال کر رہی ہے؟
کمپنی کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کی ڈیجیٹل حفاظت ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے، اسی لیے پلیٹ فارم کو محفوظ بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا کمپنیوں پر دنیا بھر میں کم عمر صارفین کے تحفظ کے حوالے سے دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف پلیٹ فارمز نئی حفاظتی پالیسیاں متعارف کرا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسنیپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایون اسپیگل نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اسنیپ چیٹ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مقابلے میں حقیقی دوستوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دیتا ہے۔ ان کے مطابق پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد صارفین کو ان کے جاننے والوں کے ساتھ جوڑنا ہے، نہ کہ صرف الگورتھمز کے ذریعے نامعلوم افراد کا مواد دکھانا۔
واضح رہے کہ اسنیپ چیٹ کے یہ نئے اقدامات کم عمر صارفین کی آن لائن حفاظت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور مستقبل میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی اسی نوعیت کی پالیسیاں اختیار کر سکتے ہیں۔







