انسٹاگرام اسٹوری میں ہما سلیم نے لکھا کہ وہ ایک ایسے کرکٹر کو بے نقاب کرنا چاہتی ہیں جو مبینہ طور پر دھوکا دہی، فراڈ، کردار کشی اور ہراسانی کی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔

اداکارہ نے کرکٹر کا نام ظاہر کیے بغیر دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا اس شخص سے کوئی رابطہ نہیں، تاہم جب بھی وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں ذہنی طور پر پریشان کیا جاتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ کوئی بھی خاتون بلاوجہ اپنی سماجی ساکھ کو داؤ پر نہیں لگاتی، بلکہ ایسا اس وقت ہوتا ہے جب برداشت کی حد ختم ہو جائے۔

ہما سلیم کا کہنا تھا کہ ان کی قانونی ٹیم جلد ہی متعلقہ کرکٹر کے خلاف شواہد سامنے لائے گی اور یہ بھی ظاہر کرے گی کہ وہ حالیہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اخراجات پر ہوٹلوں میں کیا سرگرمیاں کرتا رہا۔

اداکارہ نے مزید الزام عائد کیا کہ مذکورہ کرکٹر نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو بھی پیغامات بھیج کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

ان کے مطابق یہ مبینہ ہراسانی اس وقت بھی جاری رہی جب وہ اس شخص کے ساتھ تعلق میں تھیں اور بعد ازاں جب انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کام کا آغاز کیا تو ان کے ساتھیوں سے بھی رابطہ کر کے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔

ہما سلیم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس تمام معاملے میں کرکٹر کے اہل خانہ بھی شامل رہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک تکلیف دہ اور اذیت ناک تعلق میں رہنے کے باوجود خاموش رہیں، تاہم اب ان کی برداشت ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کہانی کا دوسرا رخ بھی ہوتا ہے، اور وہ جلد اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے تمام شواہد عوام کے سامنے پیش کریں گی۔

واضح رہے کہ  تاحال ہما سلیم نے متعلقہ کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا، اور نہ ہی ان الزامات پر کسی کرکٹر یا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے آیا ہے۔