انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سودے کی مالیت تقریباً 37 کروڑ انڈین روپے ہے۔ شاہ رخ خان نے عمارت کی دوسری اور تیسری منزل خرید لی ہے، جس کے بعد پوری رہائشی عمارت اب خان خاندان کی ملکیت میں آ گئی ہے۔

یہ گھر شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کے لیے جذباتی اہمیت بھی رکھتا ہے، کیونکہ ممبئی جا کر فلمی کیریئر شروع کرنے سے قبل دونوں اسی گھر میں رہائش پذیر تھے۔ عمارت کا تہہ خانہ اور گراؤنڈ فلور پہلے ہی خاندان کی ملکیت تھے، جب کہ حالیہ خریداری کے بعد پوری جائیداد دوبارہ مکمل طور پر ان کے قبضے میں آ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ رہائش گاہ تقریباً 1200 مربع گز (10 ہزار 800 مربع فٹ) پر مشتمل ہے اور جنوبی دہلی کے مہنگے ترین رہائشی علاقوں میں شمار ہونے والے پنچ شیل پارک میں واقع ہے۔ جائیداد کی قیمت تقریباً 34 ہزار 260 روپے فی مربع فٹ لگائی گئی ہے۔

رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں دہلی کی نمایاں ترین سیلیبریٹی پراپرٹی ڈیلز میں سے ایک ہے، جس سے شاہ رخ خان کے ملکی اور بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ اثاثوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

شاہ رخ خان اور گوری خان کئی برسوں سے لگژری جائیدادوں میں سرمایہ کاری کے لیے مشہور ہیں۔ گوری خان، جو بھارت کی معروف انٹیریئر ڈیزائنر بھی ہیں، خاندان کی متعدد رہائش گاہوں کے ڈیزائن اور تزئین و آرائش میں اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔

اس کے علاوہ شاہ رخ خان اپنی پروڈکشن کمپنی کے ساتھ ساتھ لائف اسٹائل برانڈ D YAVOL میں بھی سرمایہ کاری کر چکے ہیں، جس کے تحت ملبوسات اور پریمیم وہسکی سمیت مختلف شعبوں میں کاروبار کیا جا رہا ہے۔

تازہ خریداری کے بعد شاہ رخ خان نے نہ صرف اپنے ماضی سے جڑی ایک یادگار خاندانی رہائش دوبارہ مکمل طور پر حاصل کر لی بلکہ اپنے لگژری اثاثوں میں ایک اور اہم جائیداد بھی شامل کر لی ہے۔