حکومتی منصوبے کے مطابق اس فلم سٹی میں فلم، ٹی وی، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کی تیاری کے لیے تمام بنیادی اور جدید سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کی جائیں گی۔ ان میں جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز، پوسٹ پروڈکشن لیبارٹریز اور وی ایف ایکس کی سہولیات شامل ہوں گی، تاکہ مقامی انڈسٹری کا بیرونِ ملک تکنیکی انحصار کم کیا جا سکے۔

منصوبے میں مختلف طرز کے شوٹنگ سیٹس، ایک مرکزی جھیل، بین الاقوامی معیار کا کنونشن ہال، میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و میوزک اسکول کے قیام کی بھی تجویز دی گئی ہے، جس کا مقصد نہ صرف فلم سازی بلکہ تربیت اور تحقیق کو بھی فروغ دینا ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی فلمی صنعت کی بحالی کے ساتھ ساتھ اینیمیشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں کو بھی تقویت دے گا، جبکہ اس کے نتیجے میں ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اس منصوبے کو تخلیقی معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی معیار کے مطابق کام کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں گے۔